تمام جامعات کو سیاسی مداخلت سے پاک کردیا، گورنر پنجاب

300

لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ جامعات کے معاملات میں سیاسی مداخلت کو جرم سمجھتے ہیں، ہم نے جامعات کو سیاسی مداخلت سے پاک کردیا ہے، جامعات میں آئین و قانون اور میرٹ کی حکمرانی یقینی بنا رہے ہیں، میرٹ اور آئین و قانون سے ہٹ کر کام کر نے والے وائس چانسلرز سمیت کسی کو معافی نہیں دی جائیگی۔ ہم جامعات کو عالمی معیار کے مطابق لیکر جائیں گے۔ وہ پنجاب کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والی خواتین پروفیسرز کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن اور خوشحال پاکستان دینا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ جامعات سمیت تمام اداروں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے سیاسی مداخلت کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے جامعات کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے مکمل طور پر پاک کردیا ہے۔ میرٹ سے ہٹ کر جامعات میں کسی بھی تقرر یا فیصلے کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ گورنر نے کہا کہ جامعات میں ریسرچ کے شعبے میں بالخصوص ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے تحقیق پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جامعات کو عالمی معیار کے مطابق لے کر جانے کیلیے صرف چانسلر یا حکومت اکیلی کچھ نہیں کرسکتی بلکہ اس کیلیے وائس چانسلرز سمیت جامعات کے تمام ذمے داروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا مکمل یقین ہے کہ جامعات کے مسائل حل ہوں گے مگر اس کیلیے ضروری ہے کہ وائس چانسلرز سمیت جامعات کا دیگر عملہ بھی اپنی ذمے داری پوری کرتے ہوئے ملکر محنت سے کام کرے۔