فارورڈ بلاک کی افواہیں سندھ میں غیر یقینی پیدا کرنے کی کوشش ہے،مراد علی شاہ

188
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی منتخب حکومت ایم پی اے فریال تالپور کے پروڈکشن آڈر پر عملدرآمد کرنے سے انکار کررہی ہے جبکہ ان احکامات پر نیب نے عملدرآمد کیاتھا ،فاروڈ بلاک کی افواہیں سندھ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش ہے ، ایم پی اے ،ایم این اے اور پی پی پی کے دیگر منتخب نمائندے اور پارٹی ورکرز چیئرمین پی پی بلاول اور صدر آصف زرداری کی قیادت میں متحد ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس کے کانفرنس روم میں کابینہ اراکین سعید غنی، مکیش کمار چاولہ ، سہیل انور سیال، مرتضیٰ وہاب کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جب فریال تالپور نیب کی حراست میں تھیں تو انہیںاسمبلی سیشن میں شرکت کے لیے لایا جاتاتھا مگر جب سے انہیںجیل کسٹڈی میں بھیجا گیا ہے جو کہ پنجاب کی منتخب حکومت کی انتظامیہ کے تحت ہے۔ ہر پروڈکشن آرڈر جو کہ اسپیکر سندھ اسمبلی نے ان کی پروڈکشن کے لیے جاری کیے ان پر عملدرآمد نہیں کیاگیا۔ یہ بہت سنگین بات ہے اور اس سے سندھ میں احساسِ محرومی میں اضافہ ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی اسمبلی نے ایک قرارداد پاس کی ہے جس میں مجھے پر زور دیا گیا ہے کہ فریال تالپور کی صوبائی اسمبلی پروڈکشن کے لیے بات کریں۔بحیثیت وزیراعلیٰ میں ان کی قرار داد پر عمل کرنے کا پابندہوں لہٰذا میں نے چیف سیکرٹری پنجاب ، گورنر پنجاب سے اسپیکر سندھ اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد کے لیے بات کی مگر میری تمام گزارشات ناکام ہوگئیں اور انہوں نے سنی ان سنی کردی اور کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی بات نہیں ہو سکی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوئی بات نہیں ’’حکمران‘‘ انہیں نہیں سن رہے ہیں مگر میں اس پریس کانفرنس سے خطاب کررہاہوں اور پاکستان کے لوگوں کو مطلع کررہا ہوں کہ اسمبلی میں موجود ان کے منتخب نمائندے کس طرح قواعد کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات پنجاب کے لوگوں کو بھی بتانا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں فارورڈ بلاک کی تشکیل میں کوئی صداقت نہیں ،روزانہ نئی نئی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں تاکہ صوبے میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہو مگر چند دنوں میں یہ افواہیں دم توڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اے اور ایم این اے اور پی پی کے دیگر منتخب نمائندے اور پارٹی ورکرز چیئرمین پی پی بلاول اور صدر آصف زرداری کی قیادت میں متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان پیپلزپارٹی بنی ہے اس کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں مگرعوام کی طاقت سے ان تمام سازشوں کو ناکام بنایاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا 13 ستمبر کو اجلاس طلب کیاگیا ہے اور اسپیکر نے ایم پی اے فریال تالپور کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کردیے ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں سندھ اسمبلی میں پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔