بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا، جام کمال

373

کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا اور صوبے کی معاشی حالات کو بھی بہتر بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ اگر ماضی کے حکمران بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلیے عملی اقدامات اٹھاتے تو آج ہمیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا مگر ہم نے تمام تر مشکلات کے باوجود صوبے کو ایک سال کی مختصر مدت میں ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا اور صوبے کے بگڑے ہوئے معاشی حالات کو بہتر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے دور میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو نظر انداز کی گیا اور نواز شریف تک رسائی بہت مشکل تھی اور خاص کر نواز شریف بلوچستان کے تمام فیصلے اس وقت کی اتحادی جماعتیں پشتونخوا میپ اور نیشنل پارٹی کے ذریعے کر تے تھے جس کے ذریعے مشکلات در پیش تھیں۔ تمام دوستوں کے صلاح ومشورے کے بعدفیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان کی مفاد کی خاطر ایک ایسی جماعت بنا ئی جائے جس کا مرکز فیصلے اور کارکردگی ہم خود کرسکیں اور ہم نے بلوچستان عوامی پارٹی تشکیل دی۔ انہوں نے کہا کہ نانا اور والد کی سیاست اور تربیت کی وجہ سے ہمیں جو عزت ملی ہے اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے جو عزت دی ہے اس کو ملحوظ رکھ کر عوام کی بلاتفریق خدمت کررہے ہیں بلوچستان ایک بہت بڑا صوبہ اور فنڈز نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب ملکر حالات کی بہتری کیلیے اپنا کردار ادا کرینگے۔