ترکی جیسے دوست ممالک مسئلہ کشمیر حل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں‘ سفیر پاکستان

186

 

۔6 ستمبر 2019ء کو یومِ دفاع اورشہدا کے موقع پر ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں سفارت خانہ پاکستان میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں انقرہ میں مقیم پاکستانی برادری اور ترک شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کی اہم بات یوم دفاع اور شہدا کے ساتھ کشمیر کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے اس دن کو یوم دفاع پاکستان اور یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا۔
سفارت خانہ پاکستان میں منعقد ہونے والی اس تقریب سے قبل شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قران خوانی کا اہتمام کیا گیا اور قران خوانی کے اختتام پر دعا کروائی گئی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام سے ہوا۔ بعد میں سفارت خانہ پاکستان کے ناظم الامور سید اسد گیلانی نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے۔
بعد میں سفیر پاکستان محمد سائرس سجاد قاضی نے حاضرین سے خطاب کیا۔انہوں نے اس موقع پر یومِ دفاع کی اہمیت اور 6 ستمبر 1965ء کو پاکستان کو اپنی بقا کے لیے لڑی جانے والی جنگ اور اللہ و تعالیٰ کی مدد سے اس جنگ میں سرخرو ہونے اور دشمن کو پست قدمی پر مجبور کیے جانے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج جسے پاکستان کے عوام کی مکمل حمایت حاصل تھی، نے دشمن کو ناکوں چنے چبانے پر مجبور کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلح افواج ہر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ چوکس ہیں ۔
سفیر پاکستان نے کشمیر میں کشمیریوں کی جدہد جہد آزادی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے یک طرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے پورے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کررکھا ہے اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، لیکن بھارت اس بات کو اچھی طرح جانتا ہے کہ جیسے ہی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہو گا تحریک آزادی کشمیر کو روکنا ممکن نہ رہے گا۔ انہوں نے اس موقع پر دنیا کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ د دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو رکوانے کے لیے اپنے اوپر عائد ہونے والی ذمے داری کو ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے پاکستان کے ایک دوست اور برادر ملک ہونے کا حق ادا کردیا ہے اور انہوں نے کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کی ہے جس پر ہم حکومتِ ترکی اور ترک عوام کے مشکور ہیں۔