یوم دفاع پر سفیرپاکستان راجا علی اعجاز کا پیغام

336

سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے یوم دفاع کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب میں مقیم ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع یکجہتی کے عزم اور اپنے بہادر جوانوں کی کسی بھی جارحیت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرنے کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ وہ دن ہے جب ہم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ملکی تاریخ میں ہمت اور قربانی کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور اس سرزمین کو ہر پاکستانی کے دل میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ یہ وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات محبت اور احترام کا مظہر ہیں۔
سفیر پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور دفاع سمیت ہر شعبے میں تعاون بڑھا ہے۔ پاکستان سعودی وژن 2030 کے زیراہتمام دفاعی تعاون کو بڑھانے کا منتظر ہے۔ راجا علی اعجاز نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے جو پچھلی سات دہائیوں سے ناانصافیوں اور مظالم کا شکار ہیں۔ برصغیر میں تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا کشمیر ہے اور کشمیریوں سے اقوام متحدہ نے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا ہے۔ تنازع کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔