پاکستان فورم مکہ کے تحت یوم دفاع پر تقریب

282

پاکستان فورم مکہ کے تحت یوم دفاع کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تنظیم کے صدر ڈاکٹر محمد عرفان اللہ صدیقی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے استقبال کیا۔ مہمان خصوصی ظہیرالدین رحمانی ااور مہمان اعزازی پاکستان حج والنٹیئرز گروپ کے سابق سابق کوآرڈینیٹر محمد اسماعیل، ڈاکٹر حمزہ، صحافی اور سماجی کارکن محمد عامل عثمانی اور مجیب الرحمن نے تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر محمدعامل عثمانی کا کہنا تھا کہ مجھے دکھ ہے کہ عالم اسلام کے بعض ممالک کشمیر کے معاملے کو امت مسلمہ کا مسئلہ نہیں سمجھتے اور اس پر مزید افسوس کہ پاکستانی حکومت نے بھی کشمیر تنازع پر ضرورت کے مطابق عالمی رائے عامہ ہموار نہیں کی۔ انہوں نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ اپنےقیام کے دوران دیگر ممالک کے باشندوں میں کشمیر کے مسائل اجاگر کریں۔ تقریب میں پاکستانی برادری کی معروف شخصیات سمیت بچوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے یوم دفاع اور کشمیر کے موجودہ حالات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے بچوں اور بڑوں نے مل کر قومی ترانہ پڑھا، جس کے بعد پاکستان حج والنٹیئر ز گروپ کے رضاکاروں میں سرٹیفکیٹس اور بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے منتظم اعلیٰ انجینئر کامران خان تھے۔