بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکے، عارف شیرازی

185

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں۔ ایک مہینے سے زیادہ دن ہوگئے ہیں کہ وہاں سخت کرفیو لگا ہوا ہے۔ مگر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کرسکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی حلقہ خواتین راولپنڈی کے زیر اہتمام مری روڈ پر کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل یکجہتی کشمیر ریلی کا آغازسید مودودیؒبلڈنگ ضلعی دفتر سے ہوا ۔ جس کی قیادت نائب ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب رخسانہ غضنفر، ناظمہ سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی نزہت ناطق، ناظمہ اطلاعات قدسیہ مدثر اور دیگر عہدیداران کر رہی تھیں۔ شرکا نے بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتیو کشمیر چھوڑ دو۔ سید عاف شیرازی نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود غلامی کی زندگی اختیار نہیں کی۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی عظیم جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ کشمیری کرفیو توڑ کر آزادی کے نعرے بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کی مائیں، بہنیں، بچے، بزرگ اور نوجوان پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے۔ حکومت پاکستان ترجیح اول کے طور پر کشمیر کے مسئلے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیر ہر لحاظ سے پاکستان کا ایک لازمی حصہ ہے۔ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی فورم پر اُٹھائے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر ساری قوم ایک آواز ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ہم اپنے مسلمان کشمیری بھائیوں کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔