این آئی سی وی ڈی،روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی

602

کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب میں روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

 سندھ حکومت کے زیر اثر  کراچی کا قومی ادارہ برائے امراض قلب(این آئی سی وی ڈی) میں مفت او پی ڈی سروسز اور ادویات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بشمول اینجیو گرافی، انجیو پلاسٹی، اوپن ہارٹ سرجری، پیس میکر سمیت دیگر  ایمپلانٹس بغیر کسی تفریق و معاوضےکے باقاعدگی سے مہیا کیا جاتا ہے ۔ جس سے حیدرآباد، ٹنڈومحمدخان، مٹھی، نوابشاہ، سہون، لاڑکانہ، خیر پور سمیت اندورن سندھ بھی لوگ یہاں آکرعلاج کراتے ہیں۔

این آئی سی وی ڈی آنے والے 99 فیصد مریض غریب اور غیر مراعات یافتہ طبقوں سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں صحت کے بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات  بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جاتی ہیں۔

قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے ملک بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے سے این آئی سی وی ڈی سسٹم میں روزانہ 6 ہزار سے زائد مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ان سہولیات میں او پی ڈی سروسز سے لے کر انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی، بائی پاس سرجری، بچوں کے دل کے امراض کی سرجریز سے لے کر دیگر کئی پیچیدہ پروسیجرز شامل ہیں۔

بین الاقوامی معیار کی یہ سہولیات صرف این آئی سی وی ڈی کراچی اور اس کے دیگر نو سیٹلائٹ سنٹرز میں میں بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے پورے پاکستان سے مریض جنہیں اپنے صوبوں میں یہ سہولیات لاکھوں روپے خرچ کرکے ملتی ہیں، سندھ کا رخ کر رہے ہیں اور این آئی سی وی ڈی کی سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔