جے یو آئی نے اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں کیلیے کمیٹیاں تشکیل دیدیں

152

پشاور (آن لائن) جمعیت علما اسلام پاکستان نے اکتوبر میں اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں اور رابطوں کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدیں ،گزشتہ روز قائد جمعیت و آل پارٹیزکانفرنس کے کنوینرمولانافضل الرحمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اکرام خان درانی، سینیٹر حاجی غلام علی، ایم این اے صلاح الدین ایوبی، عدالت عظمیٰ کے سابق صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ اورسابق سوبائی وزیرفضل علی حقانی سمیت دیگر نے کی، اجلاس میں اکتوبرمیں اسلام آباد دھرنے کے لیے تیاریوں ،اقدامات اوردیگر امورپرتفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ اس موقع پردھرنے کی تیاریوں کے لیے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں، جن کے کوآڈینیٹر ناظم عمومی جمعیت علما اسلام پاکستان مولانا عبدالغفورحیدری ہونگے، سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی کی قیادت میں سیاسی رابطہ کمیٹی میں مولانا شاہ اویس نورانی، مولانا اسعد محمود، طلحہ محمود اور علامہ شفیق پسروری شامل ہیں، اسی طرح سفارتی رابطہ کمیٹی مولاناشاہ اویس نورانی،جلال الدین خان ایڈووکیٹ، کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ اورمولانا لطف الرحمن پرمشتمل ہے۔ سینیٹرحاجی غلام علی کی سربراہی میں تشکیل کمیٹی کو ٹریڈرز،چیمبرآف کامرس سے رابطوں کی ذمے داری تفویض کی گئی ہے، عدالت عظمیٰ کے سابق صدر سینیٹرکامران مرتضی ایڈووکیٹ وکلا سے رابطے میں رہیں گے، میڈیارابطہ کمیٹی میں مولاناامجدخان،اسلم غوری،صلاح الدین ایوبی اورعلاقہ شفیق پسروری شامل ہیں، مختلف طبقات،سول سوسائٹی،میڈیاتنظیموں سے رابطوں کے لیے کمیٹی میں مولانافضل علی حقانی،طلحہ محمود اور علامہ ابتسام الٰہی ظہیرشامل ہیں۔