ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات بھٹہ مالکان کو بلیک میل کر رہے ہیں

490

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور ان کا عملہ زگ زیگ ٹیکنالوجی اور بھٹوں کی چیکنگ کی آڑ میں بھٹہ مالکان کو بلا وجہ نوٹس بھجوا کر نہ صرف بھٹہ مالکان کو بلیک میل کر رہے ہیں بلکہ رشوت نہ دینے والے مالکان کے بھٹے مستقل بند کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات،چیئر مین سموگ کمیشن سے اپیل ہے کہ وہ کرپٹ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور ان کے عملہ کو فوری طور پر تبدیل کریں ورنہ ان کے خلاف ضلع کونسل چوک میں دھرنا دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نڑوالا روڈ سیکٹر کے صدر رانا آصف صادق کے بھٹے پر مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔رانا رئوف ،میاں یوسف،رانا صدیق بلو، چودھری بنیامین، محمد یعقوب،رانا وحید،میاں زین العابدین اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ بھٹہ مالکان پر امن لوگ ہیں اور ملک کے خوشگوار ماحول کی خاطر انہوں نے گزشتہ سال بھی تین ماہ کے لیے اپنے بھٹے بند رکھے حالا نکہ دھواں چھوڑنے والی دیگر فیکٹریاں اسی طرح چلتی رہی ۔اب بھی ان کے مرکزی صدر شعیب خان نیازی کے اسموگ کمیشن اور ڈائریکٹر جنرل ماحولیات سے میٹنگز جاری ہیں مرکز کی سطح پر جو بھی فیصلہ ہوا اس پر مکمل عمل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جو بھی پالیسی بنائی جاتی ہے وہ پورے پنجاب کے لیے ہوتی ہے مگر مقامی ڈپٹی ڈایکٹر ماحولیات نے کرپشن کا بازار گرم کرنے کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ ،ماحولیاتی آلودگی،بھٹوں کا ڈیٹا حاصل کرنے کے نام پر بلیک میلنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔اگر فوری طور پر محکمہ نے اپنی روش نہ بدلی تو ان کے خلاف مرحلہ وار احتجاج کا سلسلہ شروع کر کے ضلع کونسل چوک میں دھرنا دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں کسی بھٹے کو محکمہ ماحولیات کے نوٹس نہیں بھجوائے گئے صرف فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بھٹے کا کاروبار تباہ کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ نے کسی بھی بھٹے کی انسپکشن کرنا ہے تو وہ پہلے یونین کو اعتماد میں لے ۔