سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

520

لاہور(نمائندہ جسارت+خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک )سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کرگئے ۔ نماز جنازہ اور تدفین آج لاہور میں ہوگی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو جمعہ کے روز دل کا دورہ پڑا جنہیں لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور انتقال کرگئے۔ ان کے بیٹے سلمان قادراور داماد کرکٹر عمر اکمل نے ان کی وفات کی تصدیق کی ہے ۔ عبدالقادر کی نماز جنازہ اور تدفین آج لاہور میں ہوگی ۔ ان کے سوگواران میں 6بچے اور بیوی شامل ہیں۔عبدالقادر کی عمر 63برس تھی۔ ان کو کرکٹ کی دنیا میں جادوگر کے نام سے پکارا جاتا تھا۔ منفرد ایکشن کے مالک سابق لیگ اسپنر کو اپنے دور میں خطرناک باؤلر تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے عمران خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں بھی دلائیں۔پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں 15 ستمبر 1955ء کو پیدا ہونے و الے عبدالقادر نے 14 دسمبر 1977ء کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ہی ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں 11 جون 1983ء کو ڈیبیو کیا تھا۔عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں کی 111 اننگز میں 236 وکٹیں حاصل کیں اور ایک اننگز میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کرنا ان کی ایک میچ میں بہترین کارکردگی تھی۔انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 104 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنی 100 اننگز میں 132 وکٹیں حاصل کیں۔عظیم لیگ اسپنر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں دسمبر 1990ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا اسی طرح آخری ایک روزہ میچ 2 نومبر 1993ء کو سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلا۔عبدالقادر نے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق لیگ اسپنر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پی سی بی عظیم کرکٹر عبدالقادر کے انتقال کی خبر پر غم زدہ ہے۔پی سی بی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ بورڈ ان کے خاندان اور دوستوں سے گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے۔سابق عظیم کرکٹر کی اچانک وفات پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مایہ ناز کرکٹر کی وفات پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہوگیا، عبدالقادر نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں آرمی چیف کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک عظیم کھلاڑی اور انسان کو کھویا۔وزیر اعظم پاکستان اورآرمی چیف نے عبدالقادر کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے اور ان کے خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان پر صبرو تحمل عطافرمائے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ، وسیم اکرم، شعیب اختر ،محمد حفیظ،بابر اعظم، شعیب ملک، محمد عامر، عمر گل،محمد وسیم، شاداب خان، آئی سی سی، لندن کے میئر صادق خان، بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ، اداکار شان شاہد، کرکٹ کی سب سے بڑی ویب کرک انفو سمیت دیگر نے بھی عبدالقادر کے اچانک انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔