محرم کے جلوسوں کی گزر گاہوں پر صفائی کے انتظامات کیے جائیں

32

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) میرواہ گورچانی، ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں پر گندگی، ریتی بجری کے ڈھیر ٹاؤن انتظامیہ کی نا اہلی ہے، محرم الحرام کے سلسلے میں ٹاؤن کمیٹی کے اجلاس میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی کسی ایک پر بھی عمل درآمد نہیں ہوسکا، شیعہ علما کونسل میرواہ گورچانی کے صدر مظہر علی گورچانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل محرم الحرام میں امن و امان، صفائی ستھرائی، پانی، بجلی اور دیگر مسائل پر ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی میں چئیرمین انجینئر احسان الحق آرائیں کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شہر کی تمام مذہبی، سیاسی جماعتوں، پولیس اور حیسکو کے ذمے داران نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں ہم نے ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں پر صفائی، روشنی اور پینے کے پانی سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی کی تھی مگر ٹاؤن کمیٹی کی نا اہلی کی وجہ سے ان تمام مسائل کے حل کے لیے تا حال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، جلوسوں کی گزر گاہوں پر جگہ جگہ گندگی اور ریتی بجری کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں راستوں پر روشنی کے انتظامات بھی نہیں کیے گئے۔ دوسری جانب پورے شہر میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کمشنر میرپورخاص،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے شہر میں جلوسوں کی گزر گاہوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کرائیں اور پینے کے پانی کی قلت فی الفور دور کی جائے۔