سعودی واماراتی وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد کشمیر،تنازع پر حمایت کی یقین دہانی

140
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سعودی اور اماراتی وزارئے خارجہ کی سربراہی میں وفد ملاقا ت کررہا ہے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سعودی اور اماراتی وزارئے خارجہ کی سربراہی میں وفد ملاقا ت کررہا ہے

اسلام آباد ( آن لائن ،آئی این پی)سعودی و اماراتی وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد۔کشمیر تنازع پر حمایت کی یقین دہانی۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دونوں دوست و برادر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے فوری بعد او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوگا۔ سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر، عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید بن سلطان بدھ کو ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں وزرائے خارجہ کا خیرمقدم کیا۔وزارتِ خارجہ میں دونوں وزرائے خارجہ کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ملاقات کے بعد وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پرامید ہیں کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پاکستان کو مایوس نہیں کریں گے۔ ملاقات میں کئی غلط فہمیاں دور ہوئی ہیں۔ ابہام دور ہوگیا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ کھڑے نہیں ہیں۔ دونوں ممالک کے رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے فوری بعد او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے عالمی برادری کی نظریں ہٹانے کے لیے بھارت جھوٹا فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے فوری کرفیو اٹھا کر وہاں کے معمولات زندگی بحال کیے جائیں، ہمیں وہاں کی مخدوش صورت حال پر ہمیں گہری تشویش ہے ۔بھارتی اقدامات براہ راست اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کو بھی بحال کیا جانا چاہیے ، عالمی برادری بھارت کو غیر قانونی اقدامات اور جارحیت سے روکے تاہم موجودہ صورت حال میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید نے ملاقات کی۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ وفود کے ساتھ ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیرخارجہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ کی مشترکہ ملاقات ہوئی۔اعلامیے کے بتایا گیا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری طور پر اٹھانے پر زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بلیک آئوٹ پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں نقل و حرکت اور مواصلات پر پابندیاں فوری اٹھانے پر زور دیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن اور سیکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ ہیں، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ بھارت کو غیرقانونی اقدامات روکنے اور واپس لینے پر زور دے، سعودی عرب اور یو اے ای کا اس سلسلے میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے عالمی توجہ ہٹانے کیلیے جعلی فلیگ آپریشن کا خدشہ ہے۔اعلامیے کے مطابق سعودی عرب اور اماراتی وزرائے خارجہ کا موقف تھا کہ اپنی حکومتی قیادت کی ہدایت پر پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کے سعودی اور اماراتی تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور علاقے میں امن و استحکام کیلیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بگڑنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودیہ اور امارات موجودہ چیلنجز سے نمٹنے، کشیدگی کے خاتمے اور امن و سلامتی کے ماحول کے فروغ کیلیے رابطے میں رہیں گے۔
سعودی اماراتی وزرائے خارجہ