کشمیریوں پرڈھائے جانیوالے مظالم کی 29برس کی رپورٹ جاری

155

سری نگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے خوفناک مظالم پر29برس کی رپورٹ جاری کردی گئی۔ جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ29برس کے دوران432مقدمات میں کشمیریوں کو ٹارچر کیا گیا،70 فیصد عام عوام کو نشانہ بنایاگیا،وادی دنیا کا سب سے بڑا فوجی اڈا ہے جہاں فوج کی تعداد 8 لاکھ ہے۔اقوام متحدہ کے سابق خصوصی نمائندہ جوآن ای مینڈز نے اس رپورٹ کی توثیق کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 29بر س کے دوران اور اب انتہا پسند مودی سرکار کے دل دہلا دینے والے ظلم وستم سے وادی کے70 فیصد عوام نشانہ بنے،ہر100 میں سے 70 آدمی کسی نہ کسی طرح حکومت کے ظلم کا نشانہ بنے ہیں،432 مقدمات میں کشمیریوں پر بدترین تشدد کیا گیا۔رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا فوجی اڈا قرار دیا گیا ہے،اعدادوشمار کے مطابق اب فوج کی تعداد 8لاکھ ہو گئی ہے۔رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ کشمیر جیسے سنگین معاملے پر بھارتی میڈیانے کوئی کوریج ہی نہیں کی ہے۔ رپورٹ میں واضح ہے کہ بھارتی سفاک اہلکار کشمیریوں کی جائداد اور زندگی کے تباہی کے ذمے دار ہیں،کشمیریوں کو سب سے زیادہ بے دردی سے مارا پیٹا جاتاہے، سونے نہیں دیا جاتا اور انہیں بجلی کے جھٹکے لگائے جاتے ہیں،کشمیری عوام کو بھوکا رکھا جاتاہے اور واٹر بورڈنگ اور گرم کھولتے ہوئے پانی میں سر ڈبونا جیسے دردناک مظالم روا رکھے جاتے ہیں، بھارت کے کشمیریوں کے خصوصی آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعدسے اب تک 4ہزارسے زاید کشمیریوں کوگرفتار کیا گیا ہے۔
سری نگر