امریکا نے ایرانی خلائی اداروں پر بھی پابندیاں لگا دیں

145

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ایران کے خلائی مشن پر کام کرنے والی سویلین اسپیس ایجنسی اور 2 تحقیقاتی تنظیموں پر پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکا کا کہنا ہے کہ یہ ایجنسیاں تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو بڑھانے کے لیے استعمال کی جارہی تھیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے یہ پابندیاں منگل کے روز ایران اسپیس ایجنسی، ایران اسپیس ریسرچ سینٹر اور ایسٹروناٹک ریسرچ انسٹیٹیوٹ پر عائد کیں۔ ان پابندیوں کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا ایران کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ اپنے خلائی پروگرام کی آڑ میں بیلسٹک میزائلوں کے پروگرام کو آگے بڑھائے۔ امریکا نے اس کے بعد بدھ کے روز ایران پر مزید عائد کیں۔ رائٹرز کے مطابق امریکا نے تیل کی ترسیل اور تجارت کمپنیوں اور افراد کو پابندیوں کی زد میں آنے والی فہرست میں شامل کردیا۔ ان نئی پابندیوں میں امریکا نے مجموعی طور پر 16 اداروں، 11جہازوں اور 10 افراد کو بلیک لسٹ کیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکا کو ہم پر پابندیاں لگانے کی لت پڑ گئی ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز کہا کہ ان پابندیوں کو سنجیدہ لینا فضول ہے۔