وزیراعظم نے گڈ ٹرانسپورٹ سے بھتا وصولی کا نوٹس لے لیا

420

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیک پوسٹز پر گڈ ٹرانسپورٹ سے بھتا وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں چیک پوسٹز سے متعلق قواعد و ضوابط میں تبدیلی کی ہدایت کرتے ہوئے چیک پوسٹز کی تعداد کم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے نوٹس کراچی طورخم اور کراچی چمن روٹ پر ٹرکوں سے کرایہ وصولی کی شکایات پر لیا ہے۔ شکایات پولیس، ایکسائز، کسٹمز، رینجرز اور ایف سی کے اہکاروں کے خلاف ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ زبردستی کرایہ وصولی  سے نہ صرف ذرائع آمد و رفت کی لاگت بڑھتی ہے بلکہ ملک کی بدنامی بھی ہوتی ہے۔ غیرقانونی طور پر کرایہ وصولی اور بھتاخوری کمزورانگرانی یا چشم پوشی کی علامت ہے۔ غیرقانونی کرایہ وصولی ایکسائز اینڈ ڈیوٹی قوانین پر سوالیہ نشان ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ادارے ملٹی ایجنسی مشترکہ چیک پوسٹس قائم کریں اور فوری طور پر متحرک ہوکر احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر چیک پوسٹس کے گراؤنڈ اسٹاف سمیت سپروائزری آفیسرز، وزارتوں میں انتظامی سربراہان کے خلاف کارروائی ہوگی۔