مصباح الحق 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرمقرر

266

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کو 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرمقرر کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مصباح الحق کو 3 سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

پی سی بی کی پانچ رکنی کمیٹی نے متفقہ طور پر مصباح الحق کا نام پیش کیا تھا، کمیٹی کے اراکین میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے جبکہ کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی۔

مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی جس کا آغاز 27 ستمبر سے ہوگا ،پاکستان اور سری لنکا کے مابین 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

قومی کرکٹ  ٹٰم کے کوچ مقرر ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ  قومی ٹیم کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا، کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے تمام درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔