کے الیکٹرک نے730 غیرقانونی کنڈوں اور اسٹریٹ لائٹس کو ہٹا دیا

237
کراچی: کے الیکٹرک کا عملہ بجلی کے پول پر لگی غیر قانونی کیبل ہٹا رہا ہے
کراچی: کے الیکٹرک کا عملہ بجلی کے پول پر لگی غیر قانونی کیبل ہٹا رہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے730 غیرقانونی کنڈوں اور اسٹریٹ لائٹس کو ہٹا دیا‘ بجلی کے کھمبوں سے انٹر نیٹ اور ٹی وی کیبلز کو ہٹانے کے لیے بھی ایک خصوصی مہم شروع کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی کنڈا کنکشنوں اور غیر قانونی اسٹریٹ لائٹس کو ہٹانے کے لیے مہم تیزی سے جاری ہے‘یہ تجاوزات شہر بھر میں بجلی کے انفرااسٹرکچر پر غیر قانونی طریقے سے قائم کیے گئے ہیں‘ حالیہ آپریشن کے دوران پاور یوٹیلیٹی نے گلشن اقبال اور ملیر کے علاقوں سے 600 سے زاید غیر قانونی کنڈوں کا خاتمہ کر دیا جبکہ لیاقت آباد، سرجانی، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں سے لائٹنگ کے لیے غیرقانونی طریقے سے استعمال ہونے والی تاروں اور سوئچز سمیت130 غیر قانونی اسٹریٹ لائٹس کو ہٹادیا گیا ہے۔ ان تجاوزات کے باعث معمول کے آپریشنز اور مرمت کے کاموں میں بھی دشواری پیش آتی ہے اور عوام کے لیے خطرات کا باعث بنتے ہیں۔ پاور یوٹیلیٹی نے ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور بجلی جیسی اہم سہولت کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بجلی چوری اور تجاوزات کے خلاف ایسی مہمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ کے الیکٹرک نے اس سے قبل بھی یہ واضح کیا ہے کہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کی بنیادی وجہ کے الیکٹرک کے کھمبوں پر انٹرنیٹ اور ٹی وی کیبل کی غیر قانونی تنصیب تھی۔