بھارت اور افغانستان کا جاسوس طورخم سے پکڑا گیا

424

پشاور (اے پی پی) پاکستان سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں طورخم بارڈر پر گرفتار کیے جانے والے افغان ایجنٹ عمردائود خٹک سے متعلق سنسی خیز انکشافات سامنے آگئے‘ ملزم نے افغان پاسپورٹ پر5 مرتبہ بھارت کا سفر کیا جو افغانستان اور بھارت کی ایجنسیوں کے لیے کام کرتا تھا۔ یہ انکشاف ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران شاہد نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 22 اگست کو طورخم بارڈر پر عمردائود نامی افغان ایجنٹ پکڑا گیا تھا جس نے افغان پاسپورٹ پر 5 مرتبہ بھارت کا سفر کیا‘ عمر دائود افغانستان اور بھارت کی ایجنسیوں کے لیے کام کرتا تھا‘ ملزم پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف زہر اگلتا رہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملزم نے پختون نوجوانوں کو اپنے ہی ملکی اداروں کے خلاف اُکسانے کی کوشش کی‘ اس کے علاوہ اس نے پشتون لیبریشن آرمی کے نام سے تنظیم بھی بنائی ہے‘ ملزم سوشل میڈیا پر ملکی اداروں کے خلاف وڈیوز اور پوسٹیں اپ لوڈ کرتا تھا جس نے بھارت کی مختلف یونیورسٹیوں اورٹی وی چینلز کو انٹریوز دیے ‘ سی ٹی ڈی کیس میں مزید تفتیش کرے گا۔