مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت بے نقاب کرتے رہیں گے،صدر عارف علوی

374
کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ’’شمشیر بحر 7 اور ترسیل بحر ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ’’شمشیر بحر 7 اور ترسیل بحر ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت بے نقاب کرتا رہے گا۔کراچی میں پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیرِ بحر 7 اور لاجسٹک مشق ترسیل بحر 2 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو ایسے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جو اجتماعی قومی فکر کے متقاضی ہیں۔صدر مملکت نے سی پیک اور گوادر بندر گاہ کی فعالیت کے پس منظر میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پرخصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے عوام کی خوشحالی بحری تجارتی راستوں کے کھلے رہنے پر منحصر ہے کیونکہ پاکستان کی معاشی بہتری سمندروں کے تجارتی استعمال سے وابستہ ہے اور اس ضمن میں پاک بحریہ پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔صدر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل 370 اور 35A کے غیر قانونی خاتمے سے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں شدید بے چینی ہے بلکہ پاکستان کو بھی اس پر شدید تحفظات ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فاشسٹ کنٹرول نافذ کرنے کی یہ کوشش کشمیر میں اندرونی سلامتی کی صورتحال پر سنگین اثرات مرتب کرے گی جس سے جنوبی ایشیا اورعالمی امن بھی متاثر ہوگا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرتا رہے گا اور تمام ممکنہ حد تک سیاسی اور سفارتی محاذ پر اس کا بھر پور جواب دیتا رہے گا۔ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے تقریب کے شرکا کو جنگی مشق شمشیر بحر کے طے کردہ مقاصد اور لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔واضح رہے کہ پاک بحریہ ہر دو سال بعدبحری مشق شمشیر بحر کا انعقاد کرتی ہے جس میں تینوں دفاعی افواج اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندگان بھی شرکت کرتے ہیں۔