کراچی میں موسلادھار بارش سے جل تھل کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ،آج مزید بارش کی پیش گوئی

1164
کراچی: کالے بادل کے باعث اندھیرا چھایا ہوا ہے‘ چھوٹی تصویر میں بارش کے بعد ایک شخص موٹر سائیکل کو پانی سے نکالنے کی کوشش کررہا ہے
کراچی: کالے بادل کے باعث اندھیرا چھایا ہوا ہے‘ چھوٹی تصویر میں بارش کے بعد ایک شخص موٹر سائیکل کو پانی سے نکالنے کی کوشش کررہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں اتوار کو گرج چمک کے ساتھ مو سلادھاربارش نے جل تھل کردیا۔ کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، گلیاں اور سڑکیں زیر آب آگئیں ۔آج (پیرکو( بھی شہر کے مختلف علاقوں میں معتدل بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے برعکس اتوار کی دوپہر تیز بارش ہوئی، وقتی طو ر پر حبس ختم ہوگیا،بارش کا سلسلہ شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہوا جو بعدازاں پورے شہر میں پھیل گیا،تیز و درمیانی بارش سے قبل تیز ہوائیں بھی چلیں جس کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی تاہم سمندری ہوائیں تیسرے روز بھی بند رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 40 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق مون سون کے چوتھے سسٹم کے اثرات اندرون سندھ سمیت کراچی پر موجود ہیںاور آج(پیر)کو بھی معتدل بارش کی توقع ہے،اسی سسٹم کے اثرات کل(منگل)تک پر برقرار رہنے کا امکان ہے،جس کے سبب موسم جزوی اور مکمل ابر آلود رہ سکتاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر میں گرمی کا زیادہ سے زیادہ پارہ35 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ ہوا،دن کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب غیر معمولی طور پر اضافے سے 85 فیصد ریکارڈ ہوا۔