پی پی میں فارورڈ بلاک نہیں،جی ڈی اے اپنے ارکان بچائے،وزیراعلیٰ سندھ

218
حیدرآباد: وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اے ڈی خواجہ سے انکی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
حیدرآباد: وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اے ڈی خواجہ سے انکی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مخالفین کچرے پر سیاست کررہے ہیں، سندھ حکومت اپنا کام اچھی طرح جانتی ہے، کراچی میں کچرا اٹھانا کے ایم سی کی ذمے داری ہے، وہ حیدرآباد میں آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی پی میں فارورڈ بلاک نہیں،تمام ارکان متحد ہیں اور پارٹی کے وفادار ہیں، جی ڈی اے والوں کو چاہیے کہ وہ اپنے ارکان بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنا کام اچھی طرح جانتی ہے جس طرح حیدرآباد میں کچرا اُٹھانا میونسپل کارپوریشن کا کام ہے اسی طرح کراچی میں یہ ذمے داری کے ایم سی کی ہے، کراچی میں مخالفین کچرا سیاست کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹنڈوالہ یار میں رکن سندھ اسمبلی سید ضیا عباس شاہ رضوی کی والدہ ، پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدرسید علی نواز شاہ رضوی کی اہلیہ کے انتقال پر ان کی رہائشگاہ شاہ پور رضوی میں تعزیت کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آصفہ زرداری کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی میں بھرپور مذمت کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اس قسم کی سازشیں کر کے پیپلزپارٹی کو توڑنے کی سازش کی جا رہی یہ تمام شازشیں ناکام ہو جائیں گی، پیپلز پارٹی کی قیادت کیسز سے گھبرانے والی نہیں ماضی میں بھی کیسزکا سامنا کیا تھا اور اب بھی کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن اورصوبائی وزیر مکیش چاؤلہ بھی موجود تھے ۔
مراد علی شاہ