کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے سندھ بھر میں ریلیاں ،کشمیر آزاد کرانے کا عزم

385
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سندھ بھر میں ریلیوں و جلسوں کاانعقاد کیا گیا ،ریلیوں اور جلسوں میں شہریوں ،طلبہ ،سیاسی و سماجی رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی ،مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے عزم کا بھرپور اظہارکیا ،شرکا نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کشمیریوں بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سندھ بھر میں ریلیوں و جلسوں کاانعقاد کیا گیا ،ریلیوں اور جلسوں میں شہریوں ،طلبہ ،سیاسی و سماجی رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی ،مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے عزم کا بھرپور اظہارکیا ،شرکا نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کشمیریوں بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا

حیدر آباد، ٹنڈو جام، جیکب آباد، بدین، میرپور خاص، لاڑکانہ، سکھر، تلہار، قنبر علی خان، میرواہ گورچانی، میہڑ، جھڈو، ڈگری، ٹنڈو آدم، سجاول، ٹنڈوالٰہیار، اوباڑو، ڈہرکی، گھوٹکی، شکارپور، نوابشاہ، عمرکوٹ (اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جسارت) ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔حیدرآباد میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس ضمن میں شہباز بلڈنگ سے اسٹیٹ بینک تک ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر قیادت دن 12 بجے ایک پر جوش ریلی کا انعقاد کیا گیا اور تمام ٹریفک سگنلز سرخ کردیے گئے اور سائرن بجائے گئے جبکہ قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ ریلی کے اختتام پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ کشمیریوں کو اظہارآزادی کا حق دیا جائے اور کشمیری بھائیوں پر بھارت کی جانب سے جو ظلم اور جبر کیا جا رہا ہے اس پر کبھی بھی خاموش نہیں رہا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے اپنی جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عالمی قوتوں پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے پاس کردہ قرارداد پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کشمیری بھائیوں کو حق خود ارادیت دینے کے لیے بھارت کو پابند کریں جو کہ کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیری مسلمان بھائیوں پر ظلم اور جبر کے پہاڑ گرا رہا ہے اور کھلے عام انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ہونے والے مظالم سے بھارت کا اصل چہرہ سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ریلی میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران و عملے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں ، اساتذہ ، طالبعلموں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جیکب آباد میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی کال پر کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے مختلف تنظیموں، اسکولوں اور سرکاری اداروں کی ریلیاں، پی ٹی آئی نے مودی کا پتلا اور بھارتی پرچم نذر آتش کیا۔ بحریہ کالج میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی سی غضنفر علی قادری، ایس ایس پی بشیر احمد بروہی اور دیگر ضلعی ذمے داران نے شرکت کی جبکہ قومی امن کمیٹی کی جانب سے بھی کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالی گئی، جس میں اسپتال کے عملے نے بھی کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ضلع بدین کے چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطے میں منعقد کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال کی قیادت میں ڈی سی آفس سے ڈی سی چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ پولیس، محکمہ اطلاعات، اساتذہ، طلبہ، سماجی تنظیموں سمیت شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال کی قیادت میں ڈی سی آفس کے احاطے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال، ایس ایس پی بدین حسن سردار نیازی، محکمہ اطلاعات کے ضلعی آفیسر کینجھر میمن سمیت محکمہ تعلیم، محکمہ صحت اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران سمیت سرکاری و نجی اسکولوں کے اساتذہ و طلبہ، شہریوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ دوسری جانب ضلع بھرکی مختلف تحاصیل سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے مختلف تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ میرپورخاص میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ بارہ بجتے ہی شہر کے سرکاری افسران، سماجی، سیاسی، سول سوسائٹی اور اسکول کے بچے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔ کمشنر آفس میں کمشنر عبدالوحید شیخ اور ڈپٹی کمشنر سید مہد ی علی شاہ، ڈی او ایجوکیشن نوید عالم ابڑو اور دیگر سرکاری افسران کی جانب سے کمشنر آفس سے اسٹیٹ لائف بلڈنگ تک ریلی نکالی گئی، جس میں شامل سیکڑوں افراد نے اپنے ہاتھوں میں کمشیری پرچم تھامے ہوئے تھے جس میں سائرن اور پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ پریس کلب کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید ممتاز علی شاہ، آفتا ب قریشی، کامران میمن، ایم کیو ایم کے رہنما مجیب الحق انصاری، عثمان راجپوت کی قیادت میں کشمیریوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ، میونسپل کمیٹی میرپورخاص، نادرا آفس، نیشنل بینک، علامہ اقبال اسکول، لٹل فوک اسکول، میرپورخاص شوگر مل سمیت دیگر نے بھی کشمیریوں کے حق اور بھارت کیخلاف مظاہرہ کیا۔ لاڑکانہ میں بھی کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ دوپہر 12 بجے شہر کے جناح باغ پر ٹریفک روک کر قومی ترانہ پیش بھی پیش کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے مرکزی تقریب گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں منعقد کی گئی جس میں کمشنر لاڑکانہ محمد سلیم رضا کھوڑو، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور دیگر نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں میئر خیر محمد شیخ، چیئرمین ضلع کونسل خان محمد سانگھرو، ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش، ڈائریکٹر انفارمیشن کے علاوہ محکمہ تعلیم اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی بعد ازاں جناح باغ چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے کشمیر بنے گا پاکستان نے نعرے بھی لگائے۔ ڈی سی آفس سکھر میں سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی ا ختیار کی گئی اور بعد میں قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس قومی ریلی میں چیمبر آف کامرس طلبہ اور مختلف محکموں کے افسران ، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر تلہار احسان اللہ قریشی، ٹائون چیئرمین میر شاہد احمد تالپور، مختارکار عبدالرشید میمن و دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، مختلف سرکاری محکموں کیجانب سے کشمیر سے یکجہتی کے لیے ریلی میں شرکت کرکے بھارت کے مظالم کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ ریلی اے سی آفس سے نکل کر مختلف راستوں سے گشت کرتے ہوئے باوانی شوگر مل چوک پر ختم ہوئی۔ قنبر علی خان میں ضلع بھر کے سیکڑوں اسکولوں کے طلبہ و طالبات، تمام سرکاری افسران، سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے کارکنوں کی طرف سے کشمیری بھائیوں کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ ہزاروں افراد نے اپنے ہاتھوں میں کشمیر اور پاکستان کے پرچم اٹھاکر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی۔ میرواہ گورچانی میں سرکاری و نجی اسکولوں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، ریلی میں اسکول کے طلبہ و اساتذہ سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی شہر کے مین چوک پر ختم ہوئی۔ میہڑ میں بھی مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر میہڑ بس اسٹاپ تک زبردست ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند کررہے تھے۔ غلام شبیر رند نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی تسلط اور ظلم ناقابل برداشت ہے۔ مودی کے ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے پوری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، آزمائش کی اس گھڑی میں ہم اپنے مظلوم کشمیری عوام کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ اوباڑو میں جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی کے تحت سیکڑوں لوگوں نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ حافظ نصراللہ عزیز، تشکیل احمد صدیقی، امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی مولانا مفتی محمد یوسف مزاری اور دیگرکا اوباڑو میں جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی کی جانب سے منعقد کی گئی ’’کشمیر بنے گا پاکستان یکجہتی کشمیر‘‘ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور پاکستان اپنی شہہ رگ کے بغیر ادھورا ہے۔ کشمیری بھائی پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہم ان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ اقوام عالم بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ختم اور بھارت کے کشمیریوں پر مسلسل ڈھائے جانے والے شرم ناک مظالم بند کرائے۔