کشمیر کی آزادی کیلئے عوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا،عبدالرشید ترابی

352
کراچی: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی گلبرگ میں اجتماع سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی گلبرگ میں اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کنوینر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ورکن قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر صرف کشمیر کے عوام کا مسئلہ نہیں بلکہ امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ عالمی برادری اس سلسلے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے،کشمیر کی آزادی کے لیے عوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا، افواج پاکستان مودی کی مسلط کردہ جنگ میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، آر ایس ایس کے غنڈوں کو لگام دینے کا وقت آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ جامع مسجد میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ عبدالرشید ترابی نے مزید کہا کہ کشمیر کے لیے میاں طفیل محمد اور قاضی حسین سے لے کر سراج الحق تک سب کی جرأتمندانہ جدوجہد قابل تحسین ہے ، کشمیری عوام جماعت اسلامی کی عملی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے ڈرگ روڈ اور گلبرگ میں حکومتی اعلان کے مطابق کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ہونے والے احتجاج میں شرکت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کی جماعت اسلامی جہاد کشمیر،تحریک کشمیر کی سب سے بڑی حمایتی اور نوجوانوں کی رہنمائی کرتی رہے گی، آج کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی عاید ہے کیوں کہ جماعت اسلامی ہی تمام کشمیری جماعتوں اور جہادی جماعتوں کی پشتیبانی کرتی ہے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے تک ہم کشمیر میں جانی اور مالی قربانیاں دیں گے۔قاضی حسین احمد ہوں یا سید علی گیلانی سب نے کشمیر کی تحریک اور بھارتی ظلم اور جبر سے آزادی حاصل کرنے کو اپنا سب سے اولین مقصد قرار دیا ہے، بھارت اسرائیلی طرز پر کشمیر کی خصوصی حیثیت اور آئین کے آرٹیکل35اے ختم کرکے کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور کشمیر کی وادی کو ہندواکثریت میں تبدیل کرنے کا جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ کشمیری عوام کی جرأت، بہادری اور بے مثال قربانیوں کی بدولت کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔آج مودی کی حماقت کی بدولت بھارت کا ہر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت کی 17 ریاستوں میں اس وقت آزادی کی تحریکیں جاری ہیں جن کو کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں اور جرأت وہمت کی وجہ سے بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے، مودی اور اس کے حواری نہ صرف مسلمانوں بلکہ بھارت کی اکثریتی دلت اور نچلے درجے کی ہندو عوام پر بھی ظلم اور ستم ڈھار ہے ہیں جس کی وجہ سے پورا بھارتی سسٹم تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، عدالت عظمیٰ کے ججز ہوں یا جمہوریت اور آزادی پسند صحافی اور دانشور سب بھارتی حکومت کے نازی ازم پر مبنی عزائم کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جو کشمیری عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، پاکستان ہمارا سب سے بڑا وکیل ہے، کشمیریوںکی لازوال قربانیوں کے بعد کسی جنرل یا حکمران کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ کشمیری اور پاکستانی عوام کی امنگوں کے برعکس کوئی بھی عاقبت نا اندیش فیصلہ کرسکیں۔کشمیر کی آزادی کے لیے مظاہروں، یکجہتی اور عالمی فورمز پر سفارتی کوششوں کے ساتھ بھارتی منہ زور اور ہٹلر کے جانشین مودی حکومت کی ریاستی دہشت گردی کو نکیل ڈالنے کے لیے آزاد کشمیر کو جہاد کا بیس کیمپ اور کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کیخلاف جہاد کا اعلان کرنا ہوگا ،بھارت صرف سفارتی کوششوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی نہیں دے گا۔ علاوہ ازیں عبدالرشید ترابی نے جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے دفترکا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر یک آواز ہے اور مسئلہ کشمیر کا فوری حل چاہتی ہے ،مظلوم کشمیریوں کی حق خودارادیت پر ڈاکا ڈال کر مودی سکھ کا سانس نہیں لے سکتا پوری دنیا کے با شعور عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اقوام متحدہ کو بھی اپنی خاموشی توڑنی ہوگی اور کھل کر کشمیریوں کا ساتھ دینا ہوگا۔اس موقع پر منتظم جمعیت طلبہ عربیہ سندھ حافظ نعیم اللہ، امین جمعیت طلبہ عربیہ سندھ محمد افضل ،منتظم جمعیت طلبہ عربیہ کراچی اعجازالحق ،ناظم تنظیم بزم قرآن سندھ حافظ کاشف شبیر اور صوبائی باڈی کے تمام ذمے داران موجود تھے ۔