صحافی بھارتی جارحیت کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کریں ٗ حافظ نعیم

205
حافظ نعیم الرحمن ادارہ نورحق میں مختلف ٹی وی چینلز و اخبارات سے وابستہ رپورٹرز کی نشست سے خطاب کررہے ہیں
حافظ نعیم الرحمن ادارہ نورحق میں مختلف ٹی وی چینلز و اخبارات سے وابستہ رپورٹرز کی نشست سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ابلاغ عامہ سے و ابستہ افراد مؤثر انداز میں رائے سازی کرتے ہیں اس لیے ہم ان سے توقع کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کریں گے اور حقائق سے آگاہ کریں گے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری کا حالیہ بیان اس بات کی علامت ہے کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل نہیں ہوگا ،المیہ یہ ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج مسلمانوں کی کوئی متحد و مؤثر آواز نہیں ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی ہمت وحوصلے کوبڑھانے کے لیے یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ باران رحمت حکمرانوں کی نااہلی کے باعث زحمت بن گئی ہے ، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے حکمران طبقہ غیر سنجید ہ ہے ، کراچی کی موجودہ صورتحال پر صوبائی اور شہری حکومتیں صرف پوائنٹ اسکورنگ اور آنے والے بلدیاتی الیکشن کے لیے نمائشی اقدامات کر رہی ہیں ، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے 4ستمبر کو آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ادارہ نورحق میں مختلف ٹی وی چینلز و اخبارات سے وابستہ رپورٹر ز کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ آزادی کشمیر مارچ کے سلسلے میں علما کرام ، مساجد کے ائمہ، اسکولز ، کالجز کے طلبہ ،سیاسی ودینی جماعتوں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ،صحافی، تاجر وں اوروکلا سے ملاقات اور رابطے کیے گئے ہیں اور بھارتی جارحیت کے حوالے سے آگاہی اور مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ کارکنان گلی محلوں کی سطح پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پیغام پہنچا رہے ہیں۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد بچے ، خواتین مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے اور حکمرانوں اور عالمی برادری تک پیغام پہنچائیں گے کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے دکھ کے لمحات میں ان کے ساتھ ہیں۔مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکمران طبقہ سنجیدہ نہیں ہے ،24دن سے مسلسل کرفیو نافذ کیا گیا ہے ، اشیائے خورونوش اور ادویات کی کمی کے باوجود کشمیری عوام مزاحمت کررہے ہیں ، کشمیری عوام آج بھی 14اگست کو یوم آزادی اور 15اگست کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اسی لیے ہم سب پر فرض ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور ان کے حوصلوں کو بڑھانے کے لیے مارچ میں شریک ہوں ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے شہر کانظام ابترہوگیا ہے، بارش کے پہلے قطرے پر ہی شہر بھر سے بجلی غائب ہوجاتی ہے ، سڑکیں اور گلیاں تباہ حال ہیں ،کراچی کو کوئی اون کرنے کو تیار نہیں ہے ۔پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی تینوں سیاسی جماعتیں صرف پوائنٹ اسکورنگ کر کے کراچی کے عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آزادی کشمیر مارچ کے بعد کراچی کے مسائل کے حل کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔