کشمیری نوجوانوں سے اظہار یکجہتی :جے آئی یوتھ کے تحت ’’انسانی ہاتھوں کی زنجیر ‘‘

467
جے یو آئی یوتھ کے تحت انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کی جارہی ہے،دوسری طرف اسامہ رضی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
جے یو آئی یوتھ کے تحت انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کی جارہی ہے،دوسری طرف اسامہ رضی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار یکم ستمبر کو 3بجے شاہراہ فیصل پر ’’آزادی ٔ کشمیر مارچ‘‘ کے سلسلے میں جمعرات کو جے آئی یوتھ کی جانب سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ فیصل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور نوجوانوں نے نرسری اسٹاپ سے بلوچ کالونی پل تک ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحادو یکجہتی کا بھر پور مظاہرہ کیا اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان ، بھارت کا ایک علاج الجہاد الجہاد، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی سمیت دیگر نعرے بھی لگائے ۔ اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر بلال رمضان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جے آئی یوتھ کے نوجوانوں نے ماتھے پر سرخ رنگ کی پٹیاں اور برہان مظفروانی کے نام کی ٹی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جن پر تحریر تھا کہ I am wani۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کو انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں اور ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں ،پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں،ان شا اللہ مقبوضہ کشمیر ضرور پاکستان کا حصہ بنے گا ،اتوار یکم ستمبر کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تاریخی اور عظیم الشان ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ ہوگا ، مارچ میں علما ، اساتذہ ،ڈاکٹرز ،انجینئرز، وکلا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں شریک ہوکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ۔حافظ بلال رمضان نے کہاکہ آج شاہراہ فیصل پر تاحد نگاہ جے آئی یوتھ کے نوجوان ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے جوانوں سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں اور یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں ، انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے لیے عملی جدوجہد کے ضرورت ہے اور پورے پاکستان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا جارہا ہے اور اسی سلسلے میں کراچی میں بھی جے آئی یوتھ کے نوجوان احتجاج کررہے ہیں اور حکمرانوں سے مطالبہ کررہے ہیں کہ صرف زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے جہاد کا اعلان کریں۔