کوچنگ کیلئے درخواست دینے کے باوجود انٹرویو کیلئے نہ بلانے پرجلال الدین پی سی بی پر برس پڑے

141

بولنگ کوچ کیلئے درخواست دینے کے باوجود انٹرویو کیلئے نہ بلانے پرجلال الدین پی سی بی پر برس پڑے۔

پی سی بی نے بولنگ کوچ کیلئے درخواست جمع کرانے والے کوالیفائیڈ کوچ جلال الدین کو شارٹ لسٹ تک نہیں کیا، یوں اب واحد امیدوار وقاریونس کا تقرر یقینی ہے، ون ڈے کرکٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے والے سابق پیسر نے بورڈ کے رویے سے نالاں ہوکرمایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ میں نے قواعد کے مطابق بولنگ کوچ کیلئے درخواست جمع کرائی اور اس ذمہ داری کو پانے کا اہل بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھےاپنی پیشہ ورانہ قابلیت اور صلاحیتو ں کی وجہ سے مکمل اعتماد تھا کہ پی سی بی میرے نام کو ضرور زیر غور لائے گا، مگر حیران کن طور پر مجھے بورڈ کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا، اگر اس ذمہ داری کیلئے امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تو کم از کم رجوع کرنے والوں کو اخلاقی طور پر آگاہ تو ضرورکرنا چاہیے تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا کرنے سے اجتناب برتا گیا،یہ عمل تکلیف کا سبب بنا۔

لیول فور کوچ جلال الدین نے مزید کہا کہ بورڈ کی جانب سے انتخاب کا عمل سمجھ سے بالاتر ہے، اصولی طور پر درخواست دینے والے موزوں امیدواروں کو انٹرویو کے لیے طلب کیا جانا چاہیے تھا، قائم کردہ کمیٹی کے ارکان سوال وجواب کی روشنی میں امیدواروں کی استعداد اور قابلیت کا جائزہ لے کر میرٹ پر فیصلہ کرتے، مگر یہ امر افسوسناک ہے کہ ایسا کچھ نہیں کیا گیا جس سے نہ صرف پی سی بی بلکہ غیر جانبدار تصور کی جانے والی کمیٹی کی حیثیت بھی مجروح اور مشکوک ہوجاتی ہے۔