برطانوی پارلیمنٹ کی معطلی کیخلاف مظاہرے

362

ملکہ برطانیہ نے وزیراعظم بورس جانسن کے مشورے پر برطانوی پارلیمنٹ کو 10 ستمبر سے 14 اکتوبر تک کےلیے عارضی طور پر معطل کردیا ہے جس پر لندن سمیت کئی برطانوی شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔

برطانوی حزبِ اختلاف کے رہنماؤں نے اس معطلی کو بریگزٹ پر بحث روکنے کی غیر جمہوری کوشش قرار دیا ہے لیکن برطانوی حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ بریگزٹ پر عمل درآمد کی آخری تاریخ 31 اکتوبر ہے جبکہ پارلیمانی اجلاس 14 اکتوبر سے شروع ہوجائے گا اور اس طرح برطانوی پارلیمنٹ کے پاس بریگزٹ پر بحث کےلیے دو ہفتوں سے زیادہ کا وقت ہوگا۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کو ’’بریگزٹ‘‘ کہا جاتا ہے جبکہ برطانیہ میں ہر پارلیمانی سال کا آغاز، روایتی طور پر، ملکہ برطانیہ کی تقریر سے ہوتا ہے جس میں وزیراعظم کا سیاسی ایجنڈا پڑھ کر سناتی ہیں۔ 14 اکتوبر سے برطانیہ کے نئے پارلیمانی سال کا آغاز بھی ہورہا ہے۔