بیرون ملک پاکستانی ملکی حالات کی وجہ سے پریشان ہیں، لیاقت بلوچ

648
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ حج کی سعادت حاصل کرنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ حج کی سعادت حاصل کرنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپسی پر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ دنیا بھر سے بیرون ملک پاکستانی جو حج کے لیے آئے ہوئے تھے ، پاکستان کے حالات ،کشمیر کی صورتحال اور عمران خان حکومت کی پے در پے ناکامیوں پر شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں ۔ پاکستانی حجاج کرام قومی سلامتی ، کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی کامیابی اور پاکستان کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ دست بدعا تھے ۔ علاوہ ازیں لیاقت بلوچ نے مرکزی ذمے داران اور علما و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قومی قیادت اور ریاستی اداروں کو یہ اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ بیرون ملک اور انٹر نیشنل میڈیا میں پاکستان کے خلاف نہایت منفی تاثر ہے ۔ عالمی سطح پر پاکستان کا تاثر درست کرنے کے لیے اندرونی سیاسی ، معاشی استحکام اور مضبوط بیانیہ اور ایکشن پلان ناگزیر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ طویل مدت سے سفارتی محاذ پر پاکستان نے اپنے آپ کو امریکا کی جھولی میں ڈال کر اور دنیا بھر کے سامنے کشکول پھیلا کر اپنی عزت گنوائی ہے ۔ گزشتہ ایک سال میں اس بھیانک عمل کو اور مستحکم کر کے بڑ ے نقصانات کر لیے ہیں ۔ یہ لمحہ فکر ہے کہ عرب ممالک میں پاکستان کے سفارتی تعلقات انتہائی کمزور سطح پر چلے گئے ہیں جبکہ چین ، ترکی اور ایران اپنی اسٹریٹجی کی بنیاد پر ہمارے موقف کے حامی ہیں وگرنہ تعلقات کی اس بنیاد کو بھی کمزور کیا گیاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر نریندر مودی نے ظالمانہ کاری وار کے بعد سفارتی محاذ پر بھی پیش رفت کی ہے جبکہ ابھی تک عمران خان مسلمہ دو ٹوک قومی کشمیر پالیسی نہیں بنا سکے ۔بھارت کمزور وکٹ پر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے اندر یکجہتی کشمیر کی لہر مضبوط کی جائے ، بھارت کے اندر ہندو برہمنوں کے خلاف اٹھنے والی تحریکوں پر گہری نظر رکھنا ہوگی اور سفارتی محاذ پر بھارت کے مکروہ اقدامات بے نقاب کیے جائیں۔