آزادی کشمیر مارچ پوری قوم کا ترجمان ثابت ہوگا،حافظ نعیم الرحمٰن

246
حافظ نعیم الرحمن کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری سے ملاقات کررہے ہیں
حافظ نعیم الرحمن کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے تحت یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر ہونے والا ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘اہل کراچی سمیت پوری قوم کے احساسات و جذبات کا ترجمان ثابت ہوگا ، آزادی مارچ سے عالمی سطح پر بھی کشمیریوں سے یکجہتی کا پیغام جائے گا ، مذاکرات سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ،بھارت کے خلاف جہاد کے اعلان کے سوا کوئی راستہ نہیں ، قوم کا ہر بچہ کشمیریوں کے لیے لڑنے کو تیار ہے ،ریاست اپنی فوج کو کشمیر میں داخل کرے ، ماضی میں بھی بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو اسے شکست سے دوچار ہونا پڑا ،اگر پاکستانی فوج کشمیر میں داخل ہو گی تو ان شاء اللہ ہم 70سال سے قبضہ کیا ہوا حصہ بھی حاصل کرلیں گے ،مسلم حکمران امت مسلمہ کے ترجمان نہیں مغرب کے غلام ہیں ،بھارت نے ایک لاکھ سے زائد مظلوم کشمیریوں کو شہید کیا ہے ،پوری قوم کو منظم کرنے اور کشمیریوں کے حوصلے بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے نارتھ ناظم آباد میں نجی اسکول کے طلبہ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ریلی میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے جنرل سیکرٹری انجم رفعت اللہ ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سیدمعین الدین نیر اور دیگر بھی موجود تھے ۔ریلی میں بچوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ماتھے پر لال رنگ کی پٹیاں باندھی ہوئی تھیں جس پر تحریر تھا کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘،بچوں نے بھارت کے خلاف پرجوش نعرے بھی لگائے جن میں یہ نعرے شامل تھے ، نعرہ تکبیر اللہ اکبر ، کشمیر بنے گا پاکستان ، کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ ، تیرا میرا رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، ریلی میں طلبہ نے قومی پرچم اور کشمیری جھنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ کشمیریوں کی حمایت میں نکلنا اور ان کے لیے اپنی توانائیاں اور وسائل خرچ کرنا اللہ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل میں آتا ہے ،یہ راستہ اللہ تعالی کا راستہ ہے اور حکم خداوندی ہے کہ اس کے راستے میں نکلو خواہ ہلکے ہو یا بوجھل ۔قرآن پاک کا فرمان ہے ایمان لانے والوں کے لیے کہ تم ان عورتوں ،بچوں اور مظلوموں کے لیے جنگ کیوں نہیں کرتے جو ظالم کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں،ان کی مدد کرنا ایمان کا تقاضا اور قرآن کا حکم ہے۔ بھارت کی حالیہ جارحیت اور کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کردینے کے بعد اب ضروری ہوگیا ہے کہ حکومت اور ریاست مقبوضہ کشمیر میں پیش قدمی کرے اور بھارت کے خلاف اعلان جہاد کرے ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کے تحت طاہرولا چورنگی سے عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا میں بھی اسکول کے طلبہ نے ریلی نکالی اور کشمیری بچوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ، ریلی سے گلبرگ کے امیر فاروق نعمت اللہ ، جماعت اسلامی کے رہنما سجاد دارا اور دیگرنے خطاب کیا۔جماعت اسلامی ضلع جنوبی بہار کالونی کے تحت اسکول کے طلبہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ’’فری کشمیر واک ‘‘کا انعقاد کیا گیا ، واک سے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے سیکرٹری سفیان دلاور و دیگر نے خطاب کیا ۔سفیان دلاور نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، آزادی کے متوالے کشمیر نوجوانوں سے یکجہتی کے لیے پورا پاکستان نکل کھڑا ہوا ہے،بھارت اور مودی کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اس کے ناپاک عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے ،کشمیر میں جاری مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی افسوسناک ہے،آج لیاری کے ان طلبہ نے بڑی تعداد میں نکل کر پیغام دے دیا ہے کشمیر بنے گا پاکستان،یکم ستمبر کو آزادی کشمیر کا سب سے بڑا اجتماع شاہراہ فیصل پر منعقد ہوگا ۔