جماعت اسلامی کا وزیراعظم کے کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کی حمایت کا اعلان

157

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے جمعے کے روز کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے اعلان کی حمایت کرتے ہیں

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے صحافیوں کو میڈیا بریفنگ میں کہا کہ یکم ستمبر کو کراچی کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی حمایت میں شاندار مظاہرہ کریں گے اور آزادیٔ کشمیر مارچ سے دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ امتِ مسلمہ زندہ ہے اور ایک جسم کے مانند ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے جمعے کے روز کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے اعلان کی حمایت کرتے ہیں اور ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم یکجان اور ہم آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کے حکمرانوں کا منافقانہ چہرہ دنیا کے سامنے واضح ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہی مظالم کسی غیر مسلم ملک میں روا رکھے جاتے تو پورا مغرب اس کے لیے آواز اٹھاتا، مگر کشمیر کے بے بس مسلمانوں کی چیخیں کسی کو سنائی نہیں دیتیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے دہرا معیار رکھتے ہیں۔ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کے لیے تو اقوام متحدہ فوری فیصلے کراکے انہیں آزادی دلوادیتے ہیں، تاہم کشمیر کے سلگتے ہوئے مسئلے پر ان کی خاموشی قابل مذمت ہے۔حافظ نعیم نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر طرح سے اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے رہنما اسامہ رضی نے صحافیوں کو یکم ستمبر کے آزادیٔ کشمیر مارچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میڈیا بریفنگ میں پرنٹ  الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ آخر میں امت مسلمہ کے استحکام، پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کی گئی۔