انصاف کے سفر میں شارٹ کٹ نہیں آئیں گے،جسٹس عظمت سعید

340
اسلام آباد: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا ریٹائر ڈ ہونیوالے جسٹس شیخ عظمت سعید ودیگر ججز کے ہمراہ گروپ فوٹو
اسلام آباد: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا ریٹائر ڈ ہونیوالے جسٹس شیخ عظمت سعید ودیگر ججز کے ہمراہ گروپ فوٹو

اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ہمیشہ آئین و قانون کی سربلندی کے لیے کام کیا ہے‘انہوں نیبطور جج عدالت عظمیٰ کئی تاریخی فیصلے دیے۔ منگل کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں دیے گئے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ جسٹس شیخ عظمت سعید نے ہر معاملے میںآئین اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھا۔ اس موقع پر جسٹس شیخ عظمت سعیدنے اپنے اعزاز میں دیے گئے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام ایک ایک اینٹ لگا کر محنت سے قائم کیاگیا ہے‘ اس لیے ہمیں توقع ہے کہ مستقبل میں انصاف کے اس کٹھن سفر میں شارٹ کٹس نہیں آئیں گے اور امید ہے میرے ساتھی ججز جوڈیشل انارکی اور انصاف کے درمیان فرق سے آگاہ رہیں گے۔ ان کاکہنا تھاکہ انصاف کی فراہمی کے لیے سب کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے‘ آج میں اس منصب سے ریٹائر ہو رہا ہوں لیکن عدلیہ کا حصہ رہتے ہوئے عوام کی خدمت کرنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔ ا ٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہاکہ جسٹس شیخ عظمت سعید نے اپنے کیرئیر میں تاریخ ساز فیصلے دیے ہیں۔ سپریم کورٹ بار کے صدر امان اللہ کنرانی نے کہا کہ جسٹس عظمت سعید شیخ ایک نہایت سنجیدہ اورذہین جج رہے ہیں‘ انہوں نے تاریخ ساز فیصلے کرتے ہوئے پاناما کیس میں آرٹیکل 62 ون ایف کی بہترین تشریح کی اور 21 ویں ترمیم سے متعلق کیس میں آئین کے بنیادی ڈھانچے کا نظریہ درست قرار دیا۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین امجد شاہ نے کہا کہ وکلا برادری موجودہ مشکل حالات میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے لیکن یہ درست ہے کہ سیاسی معاملات میں مداخلت ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے جسٹس شیخ عظمت سعید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔