مفتی عبدالرحیم، علامہ ناظر تقوی اور مولانا عبد المنان نے مارچ کی حمایت کردی

935
مسلم پرویزویونس بارائی علامہ ناظر عباس تقوی اورمولانا عبدالمنان انور سے ملاقات کررہے ہیں
مسلم پرویزویونس بارائی علامہ ناظر عباس تقوی اورمولانا عبدالمنان انور سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کی جانب سے اتوار یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر 3بجے دن ہونے والے ’’آزادی ٔ کشمیر مارچ ‘‘ کے سلسلے میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جامعۃ الرشید کے مہتمم مفتی عبد الرحیم سے ملاقات کی اور ان کو مارچ میں شر کت کی دعوت دی ۔ ملاقات میں نائب امیر کراچی برجیس احمد ، امیر ضلع شمالی محمد یوسف اور جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید بھی موجود تھے۔ مفتی عبد الرحیم نے آزادی ٔ کشمیر مارچ کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہوئے اسے انتہائی اہم اور بروقت قراردیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف ضروری ہے کہ مکمل اتحاد ویکجہتی کا اظہار کیا جائے اور کشمیریوں کو عالمی سطح پر یہ مقام دیا جائے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں ہیںپاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم اور ریاستی جبر و تشدد کی مکمل تفصیلات دنیا کے سامنے نہیں آرہی ہیں۔ ہماری حکومت کی ذمے داری ہے کہ بھارت کا اصل چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے اور کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے حوالے سے عالمی فورمز پر مسئلہ اُٹھایا جائے ۔ اس کے لیے عوامی سطح پر دبائو پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ ہمارے حکمران وہ فیصلے کر یںجو کشمیریوں کے لیے ان حالات میں کرنے چاہیئے ۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے جامعۃ الرشید کے میڈیا ہاؤس کا بھی دورہ کیا اور میڈیا ہاؤس کو مسئلہ کشمیر اور کراچی کے حالات پر تفصیلی انٹرویو دیا ۔دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز اور ڈپٹی سیکرٹری یونس بارائی نے اسلامی تحریک پاکستان کے صوبائی صدر علامہ ناظر عباس تقوی اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی رہنما مولانا عبد المنان انور سے ملاقات کی اور ان کو مارچ میں شر کت کی دعوت دی ۔ علامہ ناظر عباس تقوی اور مولانا عبد المنان نے جماعت اسلامی کی جانب سے’’ آزادی ٔ کشمیر مارچ‘‘ کی مکمل حمایت اور تائید کی اور شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرکاری، سفارتی، عوامی اور عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔ بھارت کی جارحیت کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے پوری قوم یکسو اور یک جان ہے۔ اس موقع پر پوری قوم کو اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہو گا۔ آزادی ٔ کشمیر مارچ اہل کراچی سمیت پوری قوم کے اتحاد کا مظہر اور احساس و جذبات کا ترجمان ثابت ہوگا۔