حافظ نعیم کی روسی قونصل جنرل سے ملاقات ،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

296
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم روسی قونصل جنرل کو کشمیر کے حوالے سے یادداشت پیش کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم روسی قونصل جنرل کو کشمیر کے حوالے سے یادداشت پیش کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ سنگین صورتحال کے حوالے سے روسی قونصل جنرل سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مظالم سے آگاہ کیا، اس موقع پرڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی راشد قریشی بھی موجود تھے ،ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی سے بھی آ گاہ کیااور کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور جماعت اسلامی کے مؤقف کو واضح کیا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آزاد حیثیت ختم کرنے ،حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزیوں ،بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پامالی کا فوری نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد کرائے اور کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ روس بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے غنڈوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کو بند کرانے میں کردار ادا کرے،حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور بدترین بھارتی دہشت گردی کے خلاف کراچی میں یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر تاریخی عظیم الشان ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ ہوگا جس میں کراچی کے عوام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ۔