اندرون سندھ کشمیریوں سے اظہار یجہتی کیلئے مظاہرے و ریلیاں

146

ٹنڈوآدم، ٹنڈوالٰہیار، بدین، شہدادپور، سجاول (نمائندہ جسارت) کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیری مسلمانوں پر بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی صوبائی رہنما فرحت حیات اور مقامی ذمے دار ناہید وحید کی قیادت میں محمدی چوک تا پریس کلب ریلی نکالی گئی خواتین نے ہاتھوں میں بینرز پلے کارڈ اور ہاتھوں میںپاکستان و کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی فوج کے کشمیری مسلمانوں پر مظالم کیخلاف نعرے درج تھے۔ پریس کلب ٹنڈوآدم کے سامنے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ریلی سے جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے نائب امیر مشتاق احمد عادل اور ٹنڈو آدم کے امیر حاجی نور حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں بیس روز سے کرفیو اور پابندیاں لگا کر کشمیریوں کا جذبہ جہاد اور جذبہ حب الوطنی کم کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔ کشمیری پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں اور پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، آج ٹنڈو آدم کی خواتین نے کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف احتجاج کر کے یہ بات ثابت کردیا ہے کہ جب بھی وطن کو قربانی کی ضرورت پڑی تو خواتین بھی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم کی انتہا ہوچکی ہے، غفلت کی نیند میں سوئے ہوئے اقوام متحدہ عالمی قوتیں اور عالم اسلام کشمیریوں کو بھارتی فوج کے مظالم سے نجات دلائیں۔ نریندر مودی کی اسلام اور مسلمان دشمن پالیسی نے کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کی زندگی عذاب بنادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سرحدی محاظوں پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور اب پوری پاکستانی قوم بھارتی عزائم کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہوجائے۔ اس موقع پر راشد علی خان ایڈووکیٹ، سید توحید احمد شاہ ایڈووکیٹ، عبدالستار انصاری، صحافیوں و شہریوں نے بھی شرکت کی۔ پاکستان راہ حق پارٹی ضلع ٹنڈوالہٰیار کی جانب سے حافظ دھنی بخش لغاری کی قیادت میں میرواہ روڈ سے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے لیاقت گیٹ پہنچی، جہاں کلیم اللہ قائم خانی، سید سکندر شاہ، مولانا اصغر تھیبو، ڈاکٹر غلام قادر ہنگورجو و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں تاریخ کا بدترین ظلم ڈھایا جارہا ہے۔ ایسے میں عرب ممالک کی جانب سے مودی کو سرکاری اعزاز دینا افسوسناک اور شرمناک ہے۔ اس عمل سے اہل اسلام کی دل آزاری اور اہالیان کشمیر کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر حل کروائیں ورنہ آخری حد تک جانے پر مجبور ہوں گے۔ ریلی کے آخر میں مودی کا پتلا اور انڈیا کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بے گناہوں کا بہتا خون تمام دنیا خاص طور پر مسلم دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑ رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام عالم کی چشم پوشی مظلوموں کے علمبرداروں کے لیے لمحہ فکر ہے درندگی اور تشدد کے ذریعے حق خود ارادیت کی تحریک کو نہیں کچل سکتا۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے، ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، ظلم و ستم سے مظلوموں کی تحریکوں کو زیادہ دیر دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیر میں جاری مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی ناقابل برداشت ہے۔ بدین میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے بھارت کیخلاف ریلی نکالی گئی، مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ضلع بدین کے رہنما سردار زبیر فضلی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے، معصوم بچوں کو شہید کرکے خواتین کو بے دخل کیا جارہا ہے۔ کشمیری عوام پر مظالم کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ شہداد پور میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے سابق ایم پی اے محمد بخش خاصخیلی، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید چھٹو، محمود وسان، مختار علی سہتو، ارشاد بخاری، خلیل احمد سنجرانی، انجمن تاجران شہداد پور کے صدر حاجی جاوید قریشی، انجمن تحفظ تاجران کے صدر الحاج غلام دستگیر قریشی ودیگر کی قیادت میں علی چوک سے پریس کلب تک ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا شہر کے مختلف علاقوں تین تلوار، لطیف چوک پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیری بھائیوں پر ظلم کے پہاڑ گرا رہی ہے اور کشمیریوں کا قتل کیا جارہا ہے۔ جس پر امت مسلمہ کو سخت ردعمل اختیار کرنا چاہیے اور انڈیا کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ حر جماعت نے پاکستان کے لیے پہلے بھی پاک افواج کے شانہ بشانہ جنگ لڑی ہے اور حر جماعت اب بھی تیار ہے۔ ریلی سے مفتی فاروق، عرفان بدر، فتح محمد شیخ، معروف قادری، واسو مل، عبدالشکور ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر ریلی کے شرکا نے شدید نعرے بازی بھی کی۔