بدین ، مچھروں کی بہتات شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے

181

بدین (نمائندہ جسارت) بدین شہر سمیت دیگرعلاقوں میں مچھروں کے کاٹنے سے سیکڑوں افراد ملیریا اور ٹائیفائیڈ کا شکار ہوگئے، مچھروں کی یلغار کے باعث نہ صرف انسان بلکہ مویشی بھی شدید اذیت کا شکار ہیں اور لوگ راتیں جاگ کر کاٹنے پر مجبور ہیں تاہم محکمہ انسداد ملیریا اور بلدیاتی ادارے مچھر مار اسپرے کرانے میں تساہل برت رہے ہیں، جس پر عوام سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بدین نندو شہر، کڈھن میں نوجوانوں کی تنظیم کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور پنگریو جھڈو روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں محمد یونس جمالی، اسحاق قاضی، ہدایت اللہ بلیدی نے کہا کہ بدین شہر کے دیگر علاقوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد مچھروں اور مکھیوں کی یلغار نے نہ صرف دن اور رات کا سکون برباد کردیا ہے، وہیں پر مچھروں کے کاٹنے سے سیکڑوں افراد جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ملیریا اور ٹائیفائیڈ کے امراض کا شکار ہوگئے ہیں، مچھروں کے کاٹنے سے نہ صرف انسان بلکہ مویشی بھی بیمار ہورہے ہیں۔ زہریلے مچھروں کی زبردست افزائش کے باوجود محکمہ انسداد ملیریا اور بلدیاتی ادارے مچھر اور مکھی مار اسپرے کرانے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے۔ عوامی مطالبات کے باوجود یہ متعلقہ ادارے مچھر و مکھی مار مہم نہیں چلارہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپرے نہ کرانے کے باعث پیدا ہونے والے امراض سے لوگوں کی ہلاکتوں کا بھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے عوام میں ان اداروں کیخلاف شدید غم وغصہ پیدا ہوگیا ہے۔ مظاہرین نے اس موقع پر شدید نعرے بازی کی اور وزیراعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری سندھ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بدین شہرکے محلہ صدیق کمبہار، حیدر ٹائون اور دیگر علاقوں میں مچھروں اور مکھیوں کی یلغار اور سیکڑوں افراد کے ملیریا اور ٹائیفائیڈ میں مبتلا ہونے کا نوٹس لیا جائے اور بارش متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر مچھر و مکھی مار اسپرے کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں اور اس ضمن میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والے متعلقہ حکام کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔