پاکستان بھارت پر عالمی دباؤ ڈال کر کشمیریوں کو آزادی دلوائے

38

شکارپور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع شکارپور کا اجلاس امیر جماعت اسلامی ضلع شکارپور عبدالرحمن منگریو کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مولانا عبدالفتاح سھندڑو، ایڈووکیٹ عبدالقادر ابڑو، مولانا صدرالدین مہر، ایڈووکیٹ علی اصغر پھوڑ، حافظ نیاز احمد بھٹی، سیف الدین میمن، ابو عزیر بروہی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر عبدالرحمن منگریو نے کہا کہ ملک کی صورتحال بدتر ہے، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے ماں باپ بچوں سمیت خودکشی کررہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جارحیت کیخلاف حکومت کو عوام کی حمایت حاصل ہے اور حکومت پاکستان عالمی سطح پر کشمیر کے کیس کو مؤثر طریقے سے پیش کرے اور بھارت کے اوپر عالمی دباؤ ڈال کر کشمیریوں کو آزادی دلوائے۔ اجلاس سے ایڈووکیٹ علی اصغر پھوڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ناکامی کی وجہ سے ڈسٹرکٹ شکارپور میں مسلسل پولیس افسران کی شہادتیں ہو رہی ہیں۔ شکارپور ڈسٹرکٹ ڈاکوؤں کیخلاف سخت سے سخت کاروائی کرکے انجام تک پہنچائے۔ آخر میں شہید ڈی ایس پی راؤ شفیع اللہ سمیت دیگر شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمی بابر شاہ سمیت دیگر اہلکاروں کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ جماعت اسلامی شکارپور کی جانب سے ’’آئو سنواریں شکارپور‘‘ مہم جاری ہے۔