عالمی برادری کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے ‘شمس سواتی

209

نیشنل لیبر فیڈریشن کی گولڈن جوبلی کی تقریبات تاریخی اہمیت کی حامل ہوں گی۔ ملک بھر میں این ایل ایف کے تحت تقریبات منعقد ہوں گی۔ کراچی میں بین الاقوامی کانفرس اور تصویری نمائش لگائی جائے گی ۔این ایل ایف کے تحت زون کی سطح پر سیمینار اور کانفرنس منعقد کی جائیں گی۔ این ایل ایف نے اپنی جدوجہد کے ذریعے اپنا لوہا منوایا ہے ۔آئی ایل او نے بھی این ایل ایف کی قوت کو تسلیم کیا ہے۔ این ایل ایف کا درخشاں ماضی شاندار بھی ہے اور پروقار بھی۔ یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی نے این ایل ایف راولپنڈی ڈویژن کے ذمہ داران کے اجلاس سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پرصوبائی صدر عاشق خان، اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر تہذیب الحسن ،راوالپنڈی این ایل ایف کے صدرڈاکٹر اشتیاق ،ایوب خان ،اصغر خان ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ این ایل ایف ایک نظریاتی اور اسلامی مزدور تحریک ہے اور سید ابواعلی مودودی ؒ کی ہدایت کی روشنی میں قائم کی گئی ہے ۔این ایل ایف اب منظم محنت کشوں کے ساتھ ساتھ غیر منظم محنت کشوں کو بھی منظم کر رہی ہے۔ ملک بھر میں سات کروڑ محنت کش طبقہ اور لیبر فورس موجود ہے اگر ہم صرف ایک کروڑمحنت کشوں تک بھی اپنی دعوت اورپیغام پہنچادیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہوگی ۔ملک میں تبدیلی مزدور طبقہ ہی لے کر آئے گا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ترجیحی بنیادوں پر غیر منظم محنت کشوں پر کام کررہی ہے اورہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام قائم ہوں اور ملک سے غربت بے روزگاری کا خاتمہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر محنت کش بھارت کی جارحیت اور کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم پر ملک بھر میں سخت احتجاج کریں گے اور کشمیریوں پر ظلم برداشت نہیں کیاجائے گا ۔اقوام متحدہ اور او آئی سی مسئلہ کشمیر پراپنا کردار ادا کریں اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود اردیت دی جائے ۔