کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کیلئے پر عزم ہیں،فردوس عاشق

328

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرتارپور سکھ برادری کے لیے مقدس مقام ہے، سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا ہمیں تہہ دل سے احترام ہے، پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات پوری آزادی اور سہولت سے ادا کر سکیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں ایک بہترین مثال ہے، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بڑھتے رجحانات اور واقعات میں کرتار پور دنیا کو انسانیت اور اختلاف رائے کے احترام اور برداشت کا پیغام دے رہا ہے، ہم یقین رکھتے ہیں کہ کرتارپور راہداری کا یہ منصوبہ مختلف عقائد اور تہذیبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کا بھی باعث بنے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اتنا ہی عزیز ہے جتنا سبز رنگ، پاکستان اور دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کے سیاہ اور یکطرفہ اقدام دنیا مسترد کر چکی ہے، سلامتی کونسل میں کشمیریوں کی آواز کی گونج بھارت کی شکست ہے ،بلاول صاحب آپ کی جمہوریت قوم کا مال اڑا اور باہر پہنچاؤ ہے۔ پیپلز پارٹی میں سے اب عوام مائنس ہوچکے ہیں۔ موروثی سیاست کے وارثوں کو کرپشن سے بنائے گئے ورثے اور اس کے تحفظ کی فکر ہے۔ آپ نے آج بھی کشمیر کاز پر سیاست کی۔ عظیم کشمیریوں کی جدوجہد کا آپ کی ابو بچاؤ مہم سے کیا موازنہ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا روشن چہرہ ہے۔ان پر نہ تو کوئی کرپشن کا داغ ہے اور نہ ہی آپ کے خاندان کی طرح قوم کا مال ہڑپ کر کے دولت جمع کرنے کا لالچ ہے ۔بلاول صاحب! آپ کی جمہوریت قوم کا مال اڑا اور باہر پہنچا ؤہے۔سندھ میں آپ کے 11سالہ کرپٹ راج نے غریب عوام کے حقوق چھین لیے ہیں۔کراچی آج کچرا کنڈی بنا چکا ہے،جبکہ آپ کی حکومت کی کارکردگی کی قیمت سندھ کے معصوم بچے اپنی جانیں دے کر ادا کر رہے ہیں۔