ائرپورٹس کے گردونواح میں بلند و بالا تعمیرات کیلیے این او سی لازم قرار

143

اسلام آباد(آن لائن)ائرپورٹس کے گردونواح میں بلند وبالا عمارتیں فضائی آپریشن کے لیے خطرہ قرار دیدی گئیں۔ فضائی اڈوں کے اطراف اونچی عمارتیں بنانے سے پہلے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے این او سی حاصل کرنا لازم ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ائرپورٹس کے اردگرد 15 کلومیٹر کے دائرہ میں بلند وبالا عمارتوں کی تعمیر پیشگی اجازت سے مشروط کردی ہے۔ بلڈرز، ڈویلپرز، سیلولر کمپنیوں اور دیگر متعلقہ اداروں کو این او سی لینے کا حکم دے دیا گیا۔شہری ہوا بازی حکام کے مطابق ائرپورٹس سے 15 کلومیٹر فاصلے تک بلند وبالا عمارت کی تعمیر سے قبل اس کی بلندی، چھت پر لگنے والے آلات یا ٹاور وغیرہ کی بلندی بھی بتانا پڑے گی۔معلومات نہ دینے والوں کو ایوی ایشن آرڈیننس کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈپٹی کمشنروں اور ضلعی انتظامیہ کو نئے قواعد پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی گئی ہے۔