ـ31اگست کو گور نر ہائوس میں انٹر نیشنل سکھ کنونشن منعقد ہو گا‘چودھری سرور

143

لاہور(اے پی پی )گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ31اگست کو گور نر ہائوس میں تاریخی ”انٹر نیشنل سکھ کنونشن ” منعقد ہو گا،وزیر اعظم عمران خان جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر ،بھارتی جنگی جنون اور خطے کی مجموعی صورتحال پرقومی امنگوں کی ترجمانی کر یں گے ، خطے میں نریندر مودی امن اور اقلیتوں کیلیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ 21روز بعد بھی کشمیر میں8لاکھ بھارتی فوجیوں کو کر فیو ختم کر نے کی جرات نہیں ہو رہی ہے کیونکہ کشمیر یوں کے جذبے کا بھارت مقابلہ نہیں کر سکتا ۔نر یندر مودی آج اپنی اپوزیشن جماعتوں کو بھی کشمیر کے دورے سے روک کر بزدل ہونے کا ثبوت دے رہا ہے مگردنیا کی کوئی طاقت اب کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔ وہ گور نر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجا زعالم اور سابق ایم این اے رضا حیات ہراج کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کر تا ر پورراہداری منصوبے کے افتتاح کی خبر بھارت پربجلی بن کر گر ی ہے اور اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ بھارت کر تار پورراہداری منصوبے کے افتتاح کو سبو تاژ کر نے کیلیے کوئی سازش کر سکتا ہے مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے پہلے بھی بھارت کی سازشو ں کو ناکا م بنایا ہے اور اب بھی بھارت کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔