حکمرانوں نے خارجہ پالیسی کوکمزور کردیا ، حافظ حسین احمد

143

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات،سابق رکن قومی اسمبلی مولانا حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ملک کی خارجہ پالیسی کو حکمرانوں نے کمزور کردیا ،ملکی استحکام ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے ملک کے ہر فرد کو کردار ادا کر نا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ جامع مطلع العلوم بروری روڈ میں جمعیت علمائے اسلام ضلع صحبت پور کے نائب امیر حافظ حبیب اللہ کھوسہ ‘ ناظم مالیات عطاء محمدکھوسہ اور تحصیل فرید آباد کے سینئر نائب امیر سوئم ریاض احمد کھوسہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صاحبزادہ حافظ منیر احمد ایڈووکیٹ، حافظ زبیر حسین احمد بھی موجود تھے۔مولانا حافظ حسین احمد نے کہا کہ حکمرانوں نے ہر حوالے سے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے اور نصب شدہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے بجائے عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرایا دیاہے،عوام کا معاشی طور پر قتل عام کردیا گیا، امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مشکلات اور مسائل سے نکالنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے آنا پرستی سے نکل کر مستحکم پاکستان کے لیے کردار ادا کر نا ہوگا ،ملکی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے نفاذ پر مبنی معاشرے کا قیام وجود عمل میں لانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک مختلف مصائب اور مشکلات سے دوچار ہے، ملکی استحکام اور ملکی مسائل کے حل کے لیے 72برس میں کسی حکمران نے سنجیدگی سے کردار ادا نہیں کیا ۔