بنگلادیش میں پولیس کی فائرنگ سے 2 تارکین وطن ہلاک

143

ڈھاکا (صباح نیوز) بنگلادیش کے روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ کے نزدیک پولیس کی فائرنگ سے 2 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیشی پولیس نے جاری کردہ بیان میں2 روہنگیا پناہ گزینوں کو ایک جھڑپ کے دوران مارنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد حکمراں جماعت کے مقامی لیڈر کے قتل کے الزام میں پولیس کو مطلوب تھے تاہم بعض ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس نے نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلے میں مارا ہے۔ ان نوجوانوں کا عوامی لیگ کے طلبہ ونگ کے مقامی رہنما کے قتل سے کچھ لینا دینا نہیں۔ پناہ گزین کیمپوں میں مقیم تارکین وطن نے عالمی میڈیا سے گفتگو میں شکایت کی کہ موجودہ حکومت خوف پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ دریں اثنابنگلادیش کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم2 لاکھ روہنگیا مسلمانوں نے میانمار کی فوج کی جانب سے پر تشدد کریک ڈان کے آغاز کے بعد وہاں سے فرار ہونے کے2 سال مکمل ہونے پر ریلی نکالی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اگست2017ء میں میانمار کی ریاست رخائن سے7 لاکھ 40 ہزار روہنگیا مسلمان فوج کے مظالم کے باعث فرار ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔