کشیدگی سے بھارت کو زیادہ تجارتی نقصان ہوگا،اسد عمر

120

اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی سے بھارت کو زیادہ تجارتی نقصان ہوگا، پاکستان بحرانی کیفیت سے نکل چکا ہے، معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ ایک انٹرویومیں سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ مودی سرکار کشمیر میں کب تک کرفیو لگائے گی، اب تو پوری دنیا کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال واضح ہو گئی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے جو مستقبل میں معاشی نمو کا باعث ہوگا، شرح سود مانیٹری پالیسی کمیٹی کو اعداد و شمار پرفوکس کرنا ہے، شرح سود میں کمی اسی وقت ہوگی جب مہنگائی کی شرح میں کمی آنا شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 9فیصد سے زاید رہی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے بہتر سیکورٹی چاہیے، ہمارا مائنڈ سیٹ ہو گیا ہے کہ اگر ووٹ ملے ہیں تو کچھ بھی کر سکتے ہیں، ووٹ لے کر اسمبلی آنے والوں کو اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہونا چاہیے۔