کراچی میں مردم شماری غلط ہوئی ، مسائل زیادہ ہیں ،علی زیدی

185

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں مردم شماری غلط ہوئی ہے اسی وجہ سے شہر میں مسائل زیادہ ہیں صفائی کے 20 دن میں 48 ہزار ٹن کچرا نالوں سے صاف کیا گیا اسی وجہ سے 150 ملی میٹر بارش کے باوجود شہر کی سڑکوں پر پانی جمع نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف ڈبلیو او کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایف ڈبلیو کے نمائندے اور تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر علی زیدی نے شہر میں ہونے والی صفائی مہم کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے بڑے نالوں سے 20 دن میں 48 ہزار ٹن سے زائد کچرا نکالا ہے جس کو اب لینڈ فل سائڈ پر ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کام صرف ایف ڈبلیو او ہی کرسکتا ہے ۔وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کروزیر اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ کراچی کو صاف کریں، شہر کی حالت بہت خراب ہوگئی ہے، یہ ہمارا کام نہیں ہے ،مئیر کراچی کہ درخواست پر ہم نے شہر میں صفائی کام شروع کیا ہے۔ علی زیدی نے بتایا کہ ہم صفائی کے لیے ساڑھے 8 کروڑ روپے ملے جس میں سے ساڑھے4کروڑ روپے خرچ کردیے ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کرے،کے الیکٹرک کی جانب سے ملنے والے 2 کروڑ روپے اس میں روکاوٹ نہیں بنے گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر صورت شہر صاف کرنا ہے۔صفائی مہم کراچی کے لوگوں کی کمپین ہے۔کراچی میں جی ٹی ایس نہیں ہے، اس لیے کچرا سڑک پر پھینک دیا جاتا ہے۔شہر میں جی ٹی ایس بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ناصر شاہ کو بھی غلط معلومات فراہم کی جاتی ہے۔ شہر میں 11 جی ٹی ایس ہیں جن میں سے 5 آپریشنل ہیں،پارکس اور سڑکوں کو جی ٹی ایس بنادیا گیا۔انہوں نے کہاکہ شہر میں اسپرے کرنا لازمی ہے۔شہر میں مچھروں اور مکھیوںنے حملہ کردیا ہے۔کیا یہ کام بھی ہم کو کرنا ہے۔آپ لکھ کر دیتے نہیں کریں گے تو ہم یہ بھی کردیں گے۔وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کراچی کا فضائی جائزہ لیا، وفاقی وزیر نے کراچی کی صفائی کے حوالے سے جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔