ـ20 ماہ میں 71 ارب روپے خزانے میں جمع کرائے، چیئرمین نیب

159

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے کوشاں ہے کیونکہ میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات نیب کی نہ صرف اولین ترجیح ہے بلکہ اس کے لیے تمام اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا بنیادی مقصد ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے عوام کی لوٹی گئی رقوم کی جلد از جلد واپسی ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 326 ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ گزشتہ 20 ماہ میں تقریباً 71 ارب روپے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ طریقے سے برآمد کرنے کے بعد قومی خزانے میں جمع کروائے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ گزشتہ 20 ماہ میں 600 بدعنوانی کے ریفرنس معزز احتساب عدالتوں میں جمع کروائے ہیں اس کے علاوہ نیب نے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائیٹیوں کے مالکان سے عوام کے اربوں روپے برآمد کرکے متاثرین کو واپس کیے ہیں۔ نیب کے اس وقت 1223 بدعنوانی کے ریفرنس احتساب عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جن کی مکمل مالیت تقریباً 900 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جس کے افسران اپنے فرائض کو پوری ایمانداری، محنت، لگن اور قومی فریضہ سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں۔ ’’نیب کا ایمان‘‘ کرپشن فری پاکستان ہے جس کے لیے ہم احتساب سب کیلیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔