کشمیر کی جدوجہد آزادی کو تشدد سے دبایا نہیں جاسکتا، قیصر محمود

148

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) پاکستان ہیلپ لائن کے زیر انتظام چلنے والے معذورین کے معروف ادارے نیا قدم معذورین میں جشن آزادی کی رنگارنگ تقریب کا انعقاد، چیئرمین پاکستان ہیلپ لائن سید قیصر محمود کی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ خصوصی شرکت۔ تقریب میں اسپیشل بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے اپنے قومی ہیروز اور شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان ہیلپ لائن سید قیصر محمود نے کہا کہ آج اپنے ساتھیوں شمس اللہ، آصف قمر، عمران سید، محمد جاوید، محمد شاہد اور دیگر کے ہمراہ اسپیشل بچوں کے ساتھ جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کر کے روحانی سکون محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ علامہ اقبال کے خواب کو قائد اعظم محمد علی جناح نے عملی جامہ پہنایا، جس کی بدولت آج ہم سکون کا سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کے مظالم دنیا سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، کشمیر کی جدوجہد آزادی کو تشدد سے دبایا نہیں جاسکتا، کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق کیا جائے۔ اس موقع پر میرپورخاص کی سیاسی و سماجی شخصیت ملک راجا عبدالحق، پی ٹی آئی رہنما کامران میمن، پاکستان ہیلپ لائن میرپورخاص کے ڈویژنل صدر لعیق کمالی، جنرل سیکرٹری معین کمالی، محمد اسماعیل خلجی، سرفراز کھوکھر، محمد جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ملک راجا عبدالحق نے نیا قدم معذورین کے لیے پلاٹ دینے کا اعلان کیا، جبکہ کامران میمن نے اسپیشل بچوں کو پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا۔ اس موقع پر پاکستان کے 72 یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا۔