لاڑکانہ، پرانی دشمنی کا شاخسانہ، ایک نوجوان قتل دوسرا زخمی

162

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں پرانی دشمنی کا شاخسانہ، مسلح افراد فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل دوسرے کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے، پولیس واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کرسکی، نہ مقدمہ درج ہوسکا۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ الہٰ آباد کی حدود ممتاز کالونی میں دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 27 سالہ نوجوان ضمیر سوڈر اور ان کے چچا زاد بھائی علی نواز سوڈر کو شدید زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر واقعے کے متعلق معلومات لی اور زخمیوں کو چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان ضمیر سوڈر دم توڑ گیا جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرکے ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب مقتول نوجوان کی لاش ورثا گھر لے گئے جہاں لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے انہیں اسپتال منتقل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حیدری پولیس نے میرن شاہ کی حدود میں مبینہ پولیس کے دوران ڈاکو امتیاز جیہو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 کلو چرس جبکہ ولید پولیس نے آریجا پولیس پوسٹ کے قریب ایک ڈاکو حاتم جیہو کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔