نصاب میں اسلام اور نظریہ پاکستان کیخلاف مواد شامل کیا جارہا ہے

137

ٹنڈو محمد خان (جسارت نیوز) ضلع ٹنڈو محمد خان سندھ کا ایک تاریخی شہر ہے ،جس نے تنظیم اساتذہ کی بنیادی آبیاری میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، طویل عرصے تک تنظیم اساتذہ کو اس شہر نے قیمتی لوگ دیے۔ انہی خوشگوار یادوں اور مضبوط بنیادوں پر ایک مرتبہ پھر تنظیم اساتذہ کی موجودہ عمارت کو مزین اور مفید بنانے کے لیے مرکزی نائب صدر کے ہمراہ ایک تنظیمی دورہ ترتیب دیا گیا۔ اس دورے سے کثیر الجہت فوائد سمیٹنے کے لیے حیدر آباد کے سابق رکن پروفیسر تنویر قاضی جوکہ ایک قابل استاد ہیں، انہیں اپنی گاڑی میں ضلع ٹنڈو محمد خان کا دورہ کروانے پر راضی کیا تاکہ دورانِ سفر اس دوری کو ختم کیا جائے، جس کے قابل قدر فوائد سامنے آئے۔ اس دورے میں مرکزی نائب صدر کے ہمراہ تنظیم اساتذہ صوبہ سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری پروفیسر رئیس احمد منصوری، حیدر آباد ضلع کے صدر محمد اسلم قریشی اور حیدر آباد ڈویژن کے صدر جاوید اخلاق بھی شریک تھے۔ دورے کا پہلا مقام کھتڑ تھا جہاں مقامی اسکول میں تنظیم اساتذہ کے بہت پرانے روح رواں بزرگ استاد جعفر علی نظامانی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہمارے منتظر تھے۔ اس اہم نشست میں سرکاری اسکول کے پرائمری کے اساتذہ نے مرکزی نائب صدر پروفیسر نصراللہ لغاری کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جس میں اہم مسئلہ اساتذہ کی کمی تھی۔ دورے میں موجود ذمے داران نے ان مسائل کو نوٹ کیا اور جلد متعلقہ افسران سے ملاقات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی جوائنٹ سیکرٹری پروفیسر رئیس احمد منصوری نے مقامی اساتذہ کو بہتر کردار ادا کرنے کی ترغیب دلائی اور اس تناظر میں سید ارشاد شاہ کو عبوری صدر نامزد کیا گیا۔ اساتذہ نے تعلیمی نصاب کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اسلام اور نظریہ پاکستان کیخلاف مواد شامل کیا جارہا ہے۔ سید ارشاد شاہ کو تدریسی نصاب کونسل کا ممبر بنایا گیا اور انہیں دوسری جماعت کی کتب کی تجزیاتی رپورٹ تیار کرنے کا کام سپرد کیا گیا۔