شہر میں گندگی کے باعث تعفن پھیل رہا ہے، پی ایس پی رہنما

135

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اہالیان لطیف آباد نمبر 11 نے ڈبل سیکشن اسکول کے سامنے گندے پانی کی نکاسی، بارش اور سیوریج کے پانی سے پھیلنے والے تعفن اور کچرے کے ڈھیر پر وفاقی، صوبائی، ضلعی حکومتوں اور میئر حیدر آباد کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے ڈویژنل صدر قاضی ندیم، ضلعی صدر شعیب جعفری نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے کہا کہ میئر حیدر آباد، علاقے کے چیئرمین اور واسا حکام کو ہزاروں مرتبہ درخواست کرچکے ہیں لیکن کوئی بات سننے کو تیار نہیں۔ بارشوں کو گزرے ایک ماہ ہونے کو ہے لیکن تاحال علاقے میں بارش اور سیوریج کا گندا پانی جمع ہے۔ گندگی کے باعث علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے مکھی اور مچھروں کی بھرمار ہے، بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ شعیب جعفری نے کہا کہ ہم عوام کے ساتھ ہیں اور گندگی، نکاسی آب کیخلاف ہونے والے ہر احتجاج میں پی ایس پی موجود ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ صحت وصفائی کے کلیدی عہدوں پر نااہل تنظیمی ذمے داران کو لگا دیا گیا ہے جس کا نتیجہ عوام کے سامنے ہے۔ مظاہرین نے میئر حیدرآباد کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔